حضور آباد میں بی جے پی کی جانب سے رقم کی تقسیم کا ویڈیو وائرل

,

   

ایک ووٹ کیلئے 10 ہزار روپئے، رائے دہندوں پر انعامات کی بارش
حیدرآباد۔28 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) حضور آباد ضمنی چناؤ کی رائے دہی کو محض دو دن باقی ہے، ایسے میں رائے دہندوں کو بی جے پی کی جانب سے بھاری رقومات کی تقسیم سے متعلق دو ویڈیوز سوشیل میڈیا میں وائرل ہوچکے ہیں۔ حضور آباد میں ووٹ کے لئے بھاری رقم خرچ کرنے کا معاملہ کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن رائے دہی سے عین قبل بی جے پی کی جانب سے ایک ووٹ کیلئے 10,000 روپئے تقسیم کرنے کے ویڈیو میں نہ صرف سیاسی جماعتوں بلکہ الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کو بھی حیرت میں ڈال دیا ہے ۔ دو ویڈیو سوشیل میڈیا میں وائرل ہوئے جس میں رائے دہندوں کو بی جے پی امیداور ایٹالہ راجندر کی تصویر اور پارٹی کے انتخابی نشان کے ساتھ لفافہ حوالے کیا گیا ۔ لفافہ کھولنے پر پانچ سو روپئے کی کرنسی پر مشتمل جملہ 10,000 روپئے پائے گئے۔ رقم حاصل کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ ووٹ کیلئے یہ رقم دی گئی ہے۔ تاہم ابھی تک بی جے پی وائرل ویڈیوز پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے بھی تاحال کوئی کارروائی نہیں کی۔ برسر اقتدار ٹی آر ایس اور اپوزیشن کانگریس نے اس مسئلہ کو الیکشن کمیشن سے رجوع کیا ہے۔ اسی دوران حضورآباد سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ٹی آر ایس اور بی جے پی کی جانب سے رائے دہندوں پر انعامات کی بارش ہورہی ہے۔ نقد رقم، شراب ، غذا اور بعض دیہاتوں میں اناج تقسیم کرنے کی اطلاعات ملی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض مقامات پر کامیابی کے بعد ہر گھر کو ٹی وی فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے ۔ ووٹ حاصل کرنے کیلئے ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان مسابقت نے اب تک کے تمام ریکارڈ توڑدیئے ہیں۔ ایک ووٹ کیلئے 6 تا 10 ہزار روپئے کی فراہمی سابق میں کبھی نہیں دیکھی گئی تھی۔ دیکھنا یہ ہے کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کی جانب سے رقم کی تقسیم سے متعلق ویڈیوز پر کیا کارروائی کرے گا۔ ر