حلقہ اسمبلی نامپلی میں غریب خاندانوں میں راشن کٹس کی تقسیم

   

کانگریس قائد فیروزخان کی خدمت کی ستائش، اتم کمار ریڈی صدر پی سی سی تلنگانہ کا خطاب

حیدرآباد ۔ 23 مئی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے اسمبلی حلقہ نامپلی میں کانگریس کے قائد فیروزخان کی جانب سے غریبوں میں تقسیم کئے جانے والے راشن کٹس کی مہم میں حصہ لیا اور غریبوں میں راشن کٹس تقسیم کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مرکزی و ریاستی حکومت لاک ڈاؤن کے دوران غریب عوام کی مدد کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ کانگریس پارٹی کے قائدین ساری ریاست میں غریب عوام کی مدد کرنے میں پیش پیش ہے۔ اسمبلی حلقہ نامپلی میں فیروزخان کی جانب سے گذشتہ دو ماہ سے غریب عوام کی مدد کی جارہی ہے۔ وہ مصیبت کے موقع پر اے سی کمروں میں وقت نہیں گذار رہے ہیں بلکہ شدید دھوپ کی پرواہ کئے بغیر بلامذہب و ملت عوام کی ہر طرح سے مدد کررہے ہیں۔ غریب عوام میں راشن کٹس تقسیم کرنے کے علاوہ میڈیسن بھی سربراہ کررہے ہیں اور سارے اسمبلی حلقہ اسمبلی نامپلی کو سنیٹائزر کیا جارہا ہے جو بہت بڑی خدمت ہے۔ اب تو کوئی انتخابات نہیں ہے پھر بھی فیروز خان عوام کے درمیان ہے۔ ان کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ عوام کی بھی ذمہ داری ہیکہ وہ مصیبت میں ساتھ دینے والوں کو ہرگز فراموش نہ کریں۔ اس تقریب میں کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو اور نائب صدرکانگریس پارٹی گریٹر حیدرآباد عثمان بن محمد بھی موجود تھے۔ فیروزخان نے کہا کہ وہ صرف عوامی جذبہ کے تحت سب کے مشترکہ نہ دکھائی دینے والے دشمن کوروناوائرس کے خلاف مقابلہ کررہے ہیں اور ان کی ٹیم سارے اسمبلی حلقہ نامپلی کے عوام کے درمیان موجود ہے اور ان کی پوری طرح مدد کی جارہی ہے۔ غریب اور ضرورتمند عوام میں راشن، ترکاری، میڈیسن سربراہ کیا گیا اور ساتھ ہی سارے اسمبلی حلقہ نامپلی کو اپنے ذاتی مصارف سے وہ سنیٹائزر کررہے ہیں۔ وزیراعظم مودی کا معاشی پیاکیج دھوکہ ہے اور چیف منسٹر کے سی آر غریب عوام کا ساتھ دینے میں پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ وہ آخری سانس تک عوام کی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔