حلقہ لوک سبھا سکندرآباد میں ہر ایک ووٹ قیمتی: پدما راؤ گوڑ

   

معمولی سی بھی غفلت و لاپرواہی فرقہ پرستوں کو فائدہ دے گی
حیدرآباد۔ 23 اپریل (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کے بی آر ایس امیدوار پدما راؤ گوڑ نے کہا کہ 6 ضمانتوں کا وعدہ کرکے اقتدار حاصل کرنے والی کانگریس حکومت کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔ بی جے پی کو صرف بی آر ایس شکست دے سکتی ہے عوام سکندرآباد سے بی جے پی اور کانگریس کو شکست دیں گے اور بی آر ایس کو کامیاب بنائیں گے۔ سماج کے مختلف طبقات ایس سی، ایس ٹی، بی سی، اقلیتوں اور مختلف ٹریڈ یونین تنظیموں کے نمائندوں نے پدما راؤ گوڑ کی قیام گاہ پہنچ کر ملاقات کی۔ ریاست اور ملک کے تازہ صورتحال پر تبادلہ کیا۔ پدما راؤ گوڑ نے کہا کہ سیاسی فائدہ حاصل کرنے بی جے پی نفرت کا ماحول پیدا کررہی ہے جبکہ جھوٹے وعدوں سے اقتدار حاصل کرنے والی کانگریس وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہے، لہذا حلقہ سکندرآباد سے دونوں کو شکست دینے کی ضرورت ہے۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں لا اینڈ آرڈر کو کنٹرول میں رکھا گیا۔ فرقہ پرستوں کے ناپاک عزائم کو کامیاب بنایا گیا۔ سماج کے تمام طبقات کی ترقی کیلئے نہ صرف نئی فلاحی اسکیمات متعارف کروائی گئیں بلکہ ان پر کامیابی سے عمل کیا گیا۔ کانگریس نے 6 گیارنٹی اور 420 وعدوں کے ذریعہ عوام کو دھوکہ دیا۔ عوام کانگریس کے جھانسے میں آگئے۔ مگر آج انہیں بی آر ایس کو ووٹ نہ دینے پر افسوس ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں عوام کانگریس اور بی جے پی دونوں کو شکست دینے اور سکندرآباد سے بی آر ایس کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ وہ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کے حدود میں شامل 7 اسمبلی حلقوں کا دورہ کررہے ہیں۔ عوام ان کا شاندار استقبال کررہے ہیں اور اپنے مسائل سے انہیں واقف کرا رہے ہیں۔ گزشتہ انتخابات میں عوام نے بی جے پی امیدوار کشن ریڈی کو کامیاب بنایا تھا مرکزی وزارت میں شامل رہنے کے باوجود کشن ریڈی نے حلقہ سکندرآباد کو ترقی دینے کوئی کام نہیں کیا۔ اب انہیں ووٹ مانگنے کا اخلاقی حق نہیں ہے۔ کشن ریڈی کو اپنی شکست کا اندازہ ہوگیا ہے اس لئے وہ مذہب کی سیاست کررہے ہیں۔ پدما راؤ گوڑ نے کہا کہ یہ لوک سبھا انتخابات تلنگانہ اور ملک کیلئے اہم ہیں۔ ہر ایک ووٹ قیمتی ہے فرقہ پرست بی جے پی اور دغاباز کانگریس کو شکست دینے عوام گھروں سے نکلیں، پولنگ اسٹیشن کو پہنچ کر بی آر ایس کے حق میں ووٹ کا استعمال کریں اور کے سی آر کی قیادت کو مستحکم کریں۔ تلنگانہ کے مفادات کیلئے کام کرنے والی بی آر ایس واحد جماعت ہے۔ 2