حماس۔ اسرائیل جیسے مسئلہ پر ملک میں کبھی جنگ نہیں ہوئی

   

آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کا غزہ جنگ پر ردعمل

ناگپور: اسرائیل حماس جنگ پر راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت کا بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔ بھاگوت نے کل کہا کہ ہندو مذہب تمام فرقوں کا احترام کرتا ہے اور ہندوستان میں ان مسائل پر کبھی لڑائی نہیں ہوئی، آج حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ ہو رہی ہے۔موہن بھاگوت چھترپتی شیواجی مہاراج کی تاج پوشی کے 350 سال مکمل ہونے کے موقع پر ناگپور کے ایک اسکول میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔موہن بھاگوت نے کہا کہ اس ملک میں ایک مذہب اور ثقافت ہے جو تمام فرقوں اور عقائد کا احترام کرتی ہے اور وہ ہندو مذہب ہے۔ یہ ہندوؤں کا ملک ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم دوسرے تمام مذاہب کو مسترد کرتے ہیں۔ یہاں جب آپ ہندو کہتے ہیں تو یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ مسلمانوں کو بھی سیکورٹی دی گئی ہے۔ یہ کام صرف ہندو کرتے ہیں۔ یہ کام صرف ہندوستان کرتا ہے۔ دوسرے ممالک میں ایسا نہیں ہوتا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر جگہ جدوجہد ہو رہی ہے۔ آپ نے یوکرین جنگ، حماس اسرائیل جنگ کے بارے میں سنا ہوگا۔ ہمارے ملک میں ایسے مسائل پر کبھی جنگیں نہیں ہوئیں۔ شیواجی مہاراج کے زمانے میں جو حملہ ہوا وہ بھی اسی قسم کا تھا۔ لیکن اس معاملے پر ہماری کبھی کسی سے لڑائی نہیں ہوئی۔ اس لیے کہ ہم ہندو ہیں۔