حماس نے جنگ بندی کیلئے قطر، مصر کی مجوزہ تجاویز کا جواب دے دیا

   

غزہ: غزہ میں جنگ بندی کیلئے کوششیں تیز ہو گئی ہیں، حماس نے جنگ بندی کیلئے قطر اور مصر کی مجوزہ تجاویز کا جواب دیدیا۔ قطری وزیر اعظم اور امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے معاہدے کے فریم ورک سے متعلق حماس کا جواب ملنے کی تصدیق کر دی ہے۔ دوحہ میں قطری وزیر اعظم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ حماس کے جواب کا جائزہ لیا جا رہا ہے ، اور اس پر اسرائیل سے بات کریں گے ، امید ہے معاہدہ ممکن ہو جائے ۔پریس کانفرنس میں پوچھے جانے پر قطری وزیر اعظم نے کہا کہ اس نازک وقت میں معاہدے کے فریم ورک کی تفصیلات نہیں بتا سکتے ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ تجاویز تقریباً ایک ہفتہ قبل حماس کو بھیجی گئی تھیں لیکن حماس نے جواب دینے کے لیے منگل تک کا وقت لے لیا تھا کیوں کہ حماس کے مطابق معاہدے کے کچھ حصے ‘غیر واضح اور مبہم’ تھے ۔حماس کے ایک سینیئر اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ انھوں نے اپنے ‘مثبت نقطہ نظر’ کے تحت غزہ کی تعمیر نو، رہائشیوں کی اپنے گھروں کو واپسی اور زخمیوں کے علاج اور بیرون ملک اسپتالوں میں منتقلی کے حوالے سے ترامیم شامل کی ہیں۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن آج چہارشنبہ کو اسرائیل میں حکام کے ساتھ حماس کے ردعمل پر بات کریں گے ، قطری وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے حماس کے ردعمل کو عمومی طور پر ‘مثبت’ قرار دیا ہے ۔