حماس نے 25 یرغمالی، اسرائیل نے 42 فلسطینی قیدیوں کو رہا کردیا

,

   

جملہ 50 یرغمالی اور 150 فلسطینی رہا کئے جائیں گے، کئی اسرائیلی تھائی لینڈ پہنچ گئے

غزہ : غزہ میں عارضی جنگ بندی کے بعد یرغمالیوں کی رہائی کا عمل شروع ہوگیا۔ حماس نے 25 یرغمالی جبکہ اسرائیل نے 42 فلسطینی قیدیوں کو رہا کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حماس نے 13 اسرائیلی یرغمالیوں اور 12 تھائی شہریوں کو رہا کردیا۔ 4 روز کے دوران غزہ سے 50 یرغمالی اور اسرائیل میں قید 150 فلسطینی رہا کیے جائیں گے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ حماس نے 13 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کردیا ہے۔ عرب میڈیا کی رپوٹ کے مطابق اسرائیلی حکام یرغمالیوں کو منتقل کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، یرغمالیوں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر تل ابیب کے مضافات میں قائم شنائیڈر اسپتال منتقل کیا جائے گا۔ عرب میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ حماس کی جانب سے رہا تھائی لینڈ کے 12 شہری اسرائیل پہنچ گئے، تھائی شہریوں کو خصوصی طبی مراکز میں رکھا جائے گا۔ دوسری جانب اسرائیلی حکام نے 42 فلسطینی قیدیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کردیا، رہا کئے گئے فلسطینی قیدیوں میں 24 خواتین اور 15 کمسن بچے شامل ہیں۔ فلسطینی قیدیوں کو اسرائیل کی مختلف جیلوں سے عوفر جیل منتقل کیا گیا۔ قیدیوں کے تبادلے کی ڈیل کے تحت اسرائیل ہر یرغمالی کی رہائی کے بدلے 3 فلسطینی قیدیوں کو رہا کریگا، رہا ہونیوالے فلسطینی قیدیوں کا تعلق مقبوضہ بیت المقدس اورمغربی کنارے کے شہروں میں سے ہے۔ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری کے بعد چار روزہ عارضی جنگ بندی ہوگئی، جس کے بعد فلسطینی خاندانوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان 4 روزہ عارضی جنگ بندی کے آغاز کے بعد مصر سے براستہ رفح کراسنگ 8 ٹینکر جنوبی غزہ میں داخل ہوگئے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق 4 ٹینکر ایندھن اور 4 ٹینکر کوکنگ گیس کے داخل ہوئے، ٹینکرز اقوامِ متحدہ کی امدادی تنظیموں کو منتقل کر دیے گئے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق آج کم از کم 200 امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہونے کی توقع ہے۔ عارضی جنگ بندی کے بعد فلسطینی خاندانوں کی واپسی جاری ہے۔ لوگ اپنے پیاروں کی تلاش اور ملبے سے زخمیوں اور نعشوں کو نکالنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق غزہ سٹی اور شمالی غزہ پر روزانہ چھ گھنٹے صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک اسرائیلی طیارے پرواز نہیں کریں گے۔ واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہداء کی مجموعی تعداد 14 ہزار 854 ہو گئی ہے جس میں 6 ہزار 150 بچے اور 4 ہزار خواتین شامل ہیں۔