صنعاء ۔ 15 اگست (ایجنسیز) یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے مطابق ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے جمعہ کو بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع مخا بندرگاہ پر 6 بیلسٹک میزائل داغے، جس کے نتیجے میں کم از کم چار شہری ہلاک ہو گئے۔ حوثیوں اور سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومت کے درمیان کشیدگی میں یہ اضافہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے باعث پورے خطہ میں تناؤ بڑھا ہوا ہے۔ حوثی اس جنگ میں ایک اہم محاذ کے طور پر سامنے آئے ہیں، جس سے یمن میں ایک بار پھر بڑے پیمانے پر جنگ شروع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ یمنی حکومت سے منسلک مسلح افواج نے ایک بیان میں کہا کہ مخا پر حوثیوں کے حملے میں ایک شہری سائٹ کے علاوہ اقتصادی اور بحری تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں بندرگاہ کا ایک سیکوریٹی اہلکار ہلاک ہوا، جبکہ دو ملاح لاپتا اور آٹھ شہری زخمی ہوئے۔ اس سے قبل ایک فوجی ذریعہ نے صبا نیوز ایجنسی کو بتایا تھا کہ حوثیوں نے مخا پر چھ میزائل داغے، جن کے نتیجے میں چار شہری ہلاک ہوئے اور ماہی گیری کی کئی کشتیاں جل گئیں۔
دوسری جانب حوثیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے بیلسٹک میزائلوں کے ذریعہ مخا میں سعودی حمایت یافتہ فورسز اور ان کے بقول ’’کرائے کے جنگجوؤں‘‘ کے ہتھیاروں اور جنگی جہازوں کو نشانہ بنایا۔ حوثیوں نے دعویٰ کیا کہ حملے میں کشتیاں اور ہتھیار تباہ ہوئے۔