حوثیوں کے عقوبت خانے قتل گاہیں بن گئیں، 200 مغوی اور قیدی ہلاک

   

صنعا: یمنی حکومت نے انکشاف کیا ہے کہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے قائم کردہ عقوبت خانوں میں قیدیوں کو موت کے گھاٹ اتارا جا رہا ہے۔ حکومتی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حوثیوں کی جیلوں میں قید کیے گئے 200 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔یمن میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی سرکاری کونسل کے سیکرٹری اور آئینی حکومت کے اسیران سے متعلق کمیٹی کے رکن ماجد فضائل نے بتایا کہ حوثی ملیشیا نے اغوا کیے گئے 200 قیدیوں کو قتل کر دیا ہے۔’ٹویٹر’ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں انہوں نے مزید لکھا کہ انہوں نے سوئٹزلینڈ میں اقوام متحدہ کی زیرنگرانی ہونے والے مشاورتی اجلاس میں بھی قیدیوں کے ماورائے عدالت قتل کا معاملہ اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے یو این عہدیداروں کو بتایا کہ حوثی باغیوں نے 2019ء کے دوران 158 قیدیوں کو قتل کیا ہے۔