حکومت ‘ اسمبلی اجلاس میں عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیلئے تیار

,

   

کورونا وباء ‘ طبی خدمات ‘ نرسمہا راو صدی تقاریب پر مباحث کیلئے وزراء کو تیار رہنے چیف منسٹر کی ہدایت
حیدرآباد : چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے آج کہا کہ حکومت مجوزہ اسمبلی اجلاس میں ریاست کے عوام سے متعلق تمام مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال اور مباحث کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیاسی جماعتوںکی جانب سے تجویز کردہ تمام مسائل پر مذاکرات کیلئے تیار ہے چاہے اس کیلئے اسمبلی سشن کے ایام کار میں اضافہ ہی کیوں نہ کرنا پڑے ۔ چیف منسٹر نے تمام ریاستی وزراء کو ہدایت دی کہ وہ تمام حقائق کو ایوان میں پیش کرنے کی تیاری کرلیں تاکہ انہیں عوام میں پیش کیا جاسکے ۔ چیف منسٹر نے آج پرگتی بھون میں ایک اجلاس منعقد کیا جس میں وزراء اور وہپس کے ساتھ 7 ستمبر سے شروع ہونے والے اسمبلی و کونسل کے اجلاس میں اختیار کی جانے والی حکمت عملی پر غور کیا گیا ۔ ریاستی وزراء وی پرشانت ریڈی ‘ کے ٹی راما راو ‘ ٹی ہریش راو ‘ ایٹالہ راجندر‘ جگیدش ریڈی ‘ نرنجن ریڈی ‘ ای دیاکر راو ‘ سبیتا اندرا ریڈی ‘ کونسل میںچیف وہپ بی وینکٹیشورلو ‘ وہپس پربھاکر ‘ بھانو پرساد ‘ کے دامودر ریڈی ‘ اسمبلی میں چیف وپ ڈی ونئے بھاسکر ‘ وہپس گمپا گوردھن ‘ جی سنیتا ‘ بی سمن ‘ جی بالراجو ‘ آر کانتا راو ‘ اے گاندھی ‘ راجیہ سبھا رکن جے سنتوش کمار اور دوسروں نے اجلاس میںشرکت کی ۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ کورونا وائرس کے پھیلاو پر قابو اپنے کے اقدامات پر ‘ کورونا مریضوں کے علاج اور ریاست میںطبی خدمات کی توسیع جیسے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائیگا ۔ اس کے علاوہ بارش کی وجہ سے فصلوں کے نقصان ‘ سری سیلم ہائیڈل پراجیکٹ میں آگ ‘ برقی شعبہ کی کامیابیوں ‘ نئے ریونیو ایکٹ ‘ آندھرا پردیش حکومت کی جانب سے غیر قانونی پراجیکٹس کی تعمیر ‘ آبپاشی شعبہ کے مسائل ‘ جی ایس ٹی پر ریاست کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک وغْرہ پر بھی اجلاس میں غور کیا جائیگا ۔

تحفظات پر ریاست کی سفارشات پر مرکزی حکومت کی خاموشی پر بھی تبادلہ خیال کیا جائیگا۔ حکومت پی وی نرسمہا راو کی صدی تقاریب پر بھی اجلاس میں غور کریگی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حال ہی میں فوت ہونے والے دوباک رکن اسمبلی راما لنگا ریڈی کو سشن کے پہلے دن خراج عقیدت پیش کیا جائیگا ۔ چیف منسٹر نے تمام وزراء کو ہدایت دی کہ وہ تمام تر تفصیلات اکٹھا کرتے ہوئے پوری تیاری کے ساتھ اجلاس میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ مقننہ اجلاس جمہوری اقدامات کے مطابق منعقد ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اسمبلی و کونسل کو اپنی کارکردگی کے اعتبار سے سارے ملک کیلئے مثال بننا چاہئے ۔ ارکان کو بھی اس سلسلہ میں ذمہ دارانہ رول ادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ برسر اقتدار جماعت کے ارکان کو بھی عوام کو درپیش مسائل کو ایوان میں اجاگر کرنا چاہئے تاکہ ان کی یکسوئی کے ذریعہ عوام کو راحت فراہم کی جاسکے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ایوان میں مباحث معیاری اور ذمہ دارانہ ہونے چاہئیں۔