آیوشمان بھارت۔ پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کی تیسری سالگرہ ‘وزیر اعظم کا ورچول خطاب
نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے غریبوں، خواتین اور متوسط طبقہ کیلئے سستا اور بہتر علاج دستیاب کرانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے پیر کو کہا کہ ملک میں شمولیاتی اور جامع صحت کی سہولیات کا ایک مضبوط بنیادی ڈھانچہ تیار کیا جارہا ہے ۔ مودی نے آیوشمان بھارت۔ پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کی تیسری سالگرہ کے موقع پر آن لائن منعقدہ پروگرام میں ’آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن ‘کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پورے ملک میں صحت کی سہولیات، ہاسپٹل ، ڈاکٹر، فارمیسی، ادویات کی دکانیں اور مریض ایک پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گے ۔ پلیٹ فارم سے ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی شہریوں کو سینئر ڈاکٹروں اور ماہرین کے مشورے حاصل ہوسکیں گے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ سات برسوں سے جاری صحت سہولیات کو مضبوط کرنے کی مہم آج نئے مرحلہ میں داخل ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج ہم ایک مشن شروع کررہے ہیں جس میں ہندوستان کے شعبہ صحت میں سہولتوں کی فراہمی میں انقلابی تبدیلی لانے کی صلاحیت ہے ۔وزیر اعظم نے بتایا کہ ہندوستان شمولیاتی اور جامع صحت صحت ماڈل پر کام کررہا ہے ۔ یہ ماڈل صحت دیکھ بھال اور بیماری کے معاملے میں آسان، کفایتی اور قابل رسائی علاج پر زور دیتا ہے ۔ طبی تعلیم میں اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ سے سات برسوں کے مقابلہ میں ہندوستان میں بہت زیادہ تعداد میں ڈاکٹر اور مساوی طبی افرادی قوت تیار کی جارہی ہے ۔ ملک میں ایمس اور دیگر جدید طبی اداروں کا ایک وسیع نیٹ ورک قائم کیا جارہا ہے اور ہر تین لوک سبھا حلقوں میں ایک میڈیکل کالج کے قیام کا کام چل رہا ہے ۔ انہوں نے گاووں میں صحت سہولیات کو مضبوط کرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ گاوں میں پرائمری ہیلتھ سنٹر نیٹ ورک اور ہیلتھ مراکز کو مضبوط کیا جارہا ہے ۔ ایسے 80ہزار سے زیادہ مرکز پہلے ہی سے کام کررہے ہیں۔اس پروگرام میں مرکزی وزیر صحت منسکھ مانڈویہ، خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر سمرتی ایرانی، وزیر ریلوے اشونی وشنو اور کئی ریاستوں کے وزراء صحت اور مرکز اور ریاستوں کے سینئر عہدیدار بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر آیوشمان بھارت کی کامیابیوں اور حصولیابیوں پر ایک ویڈیو فلم اور کافی ٹیبل بک بھی جاری کی۔