حکومت سے خاتون صحافیوں کے لیے ہیلت کیمپ

   

ماہر ڈاکٹرس کی خدمات، کیمپ کا کل اختتام، خاتون صحافیوں کو استفادہ کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : محکمہ انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشن حکومت تلنگانہ کے زیر اہتمام سماچار بھون ریڈہلز میں خاتون صحافیوں کے لیے ہیلت کیمپ منعقد کیا گیا تھا جس میں سینکڑوں ویمن جرنلسٹس نے بھر پور استفادہ کرتے ہوئے تشخیص کروائے ۔ کیمپ کا افتتاح 29 مارچ کو چیف سکریٹری شانتی کماری نے کیا تھا ۔ اس غیر معمولی ہیلت کیمپ میں مختلف معائنے جیسے بلڈ ٹسٹ ، بلڈ شوگر ، ڈائبیٹکس لیپیڈ پروفائیل ، تھائیرائیڈ ، کیلیشم ، یورین ٹسٹ ، وٹامن B12 اور D3 وغیرہ کے علاوہ ای سی جی ، ایکسرے ، الٹرا سونو گرافی ، اسکریننگ ٹسٹ ، گائناکولوجی ، آئی ٹسٹ ، ڈینٹل ٹسٹ ، بھی اسی دن منعقد کئے گئے تھے ۔ ڈاکٹرس کی ٹیم ڈاکٹر سومیا ( یو ڈی ایچ سی صنعت نگر ) ، ڈاکٹر عمیرا ( یو ڈی ایچ سی آغا پورہ ) ، ڈاکٹر ہرشیتا ( گولکنڈہ ایریا ہاسپٹل ) ، ڈاکٹر وشاکھا سری رام نگر کمیونٹی ہیلت سنٹر ، ڈاکٹر گوتم ( گائناکولجسٹ ایریا ہاسپٹل ملک پیٹ ) ، ڈاکٹر ساریگاما پاتھ لیاب ہیڈ ، ٹی ڈی ایس ، ڈاکٹر سری لکشمی او بی جی سی ایچ سی بارکس نے ویمن جرنلسٹوں کی صحت سے متعلق سوالات کا اطمینان بخش جواب دیتے ہوئے انہیں اچھی صحت کی برقراری کے لیے بہتر نگہداشت کرنے کا مشورہ دیا ۔ اس موقع پر صحافیوں نے ڈاکٹرس کی گرانقدر خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ ڈاکٹرس نے ان کے ساتھ اچھا حسن سلوک کیا اور بھرپور تعاون کیا ہے۔یہاں اس بات کا ذکر بے جا نہ ہوگا کہ ’ یوم خواتین ‘ کے موقع پر خاتون صحافیوں نے وزیر آئی ٹی مسٹر کے ٹی راما راؤ سے خواہش کی تھی کہ وہ خاتون صحافیوں کیلئے ہیلت کیمپ منعقد کریں۔ جس پر فوری وزیر نے منظوری دے دی تھی اور کیمپ کا انعقاد کیا اور ماہر ڈاکٹرس کی خدمات فراہم کی۔ یہ کیمپ بالکل مفت رکھا گیا تھا۔ یہ کیمپ9 اپریل کو اختتام پذیر ہوگا۔ جن خاتون صحافیوں نے تاحال کیمپ سے استفادہ نہیں کیا ہے ان سے خواہش کی گئی ہے وہ استفادہ کریں۔