نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت کسان مخالف بیانات دے کر حقیقت پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہیں اور بی جے پی کو اس سلسلے میں وضاحت دینی چاہیے ۔کانگریس کی ترجمان سپریہ سری نیت نے کہا کہ کل بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کا ایک انتہائی بیہودہ بیان سننے کو ملا، جسے سن کر سر شرم سے جھک جاتا ہے اور اس بیان سے لوگوں میں غصہ اور ناراضگی بھی ہے ۔ کنگنا ایسے بیانات دینے میں ماہر ہیں لیکن سچائی یہ ہے کہ وہ بی جے پی کی حقیقت پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ کنگنا رناوت بھول رہی ہیں کہ وہ اب صرف اداکارہ نہیں ہیں بلکہ بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ بھی ہیں۔ کل انہوں نے ملک کے کسانوں کو قاتل اور ریپسٹ کہا۔ شاید ہی کسی سیاست دان نے اس ملک کے اَن داتا کے لیے ایسے الفاظ کہے ہوں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ اور چین کسانوں کی تحریک کو بھڑکا کر ملک میں عدم استحکام پھیلانے کی کوشش کر رہے تھے ۔