حکومت کو حیدرآباد کی ترقی پر زیادہ توجہ دینی چاہئے : کشن ریڈی

   

حیدرآباد 28 جنوری (سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے کہاکہ ریاست تلنگانہ کی 80 فیصد آمدنی حیدرآباد سے حاصل ہوتی ہے اور تقریباً 10 لاکھ لوگ ہر روز حیدرآباد کا سفر کرتے ہیں اس لئے ریاستی حکومت کو شہر حیدرآباد کے عوام کی ترقی پر زیادہ توجہ دیتے ہوئے اقدامات کرنے چاہئے۔ کل یہاں حیدارٓباد ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کوآرڈینیشن اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی (دیشا) میں حصہ لینے کے بعد میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہاکہ ملک بھر میں پارلیمانی حلقوں میں دیشا میٹنگس منعقد کی جاتی ہیں۔ دیشا کمیٹی کے چیرمین کی حیثیت سے انھوں نے مرکزی حکومت کی اسکیمات پر عمل درآمد اور اہم عوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔ اس اجلاس میں گورنمنٹ اسکولس، ہاسٹلس اور برقی سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس اجلاس میں جی ایچ ایم سی کمشنر ڈی رونالڈ راس، حیدرآباد ڈسٹرکٹ کلکٹر انودیپ اور کئی محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ کشن ریڈی نے کہاکہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) اور ضلع میں بلدیات فنڈس کی کمی سے دوچار ہیں اور ورکرس احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریاستی حکومت کو عوام کو پینے کے پانی کی فراہمی اور ڈرینج کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کرنا چاہئے۔ نیز حیدرآباد میں کئی آنگن واڑی سنٹرس، اسکولس اور ہاسٹلس کرایہ کی عمارتوں میں ہیں۔ اس پر ریاستی حکومت کو توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ مرکز نے 29 اقلیتی اسکولس کے لئے فنڈس جاری کئے ہیں۔ مرکزی حکومت کی جانب سے اقلیت یا اکثریت کی تفریق کے بغیر تلنگانہ کو فنڈس جاری کئے جارہے ہیں جبکہ ریاستی حکومت ان مسائل پر سنجیدگی سے کام نہیں کررہی ہے۔