حکومت کے 6 ضمانتوں پر درخواستوں کی وصولی مرکز کا جائزہ

   

انچارج وزیر حیدرآباد پونم پربھاکر کا دورہ حلقہ اسمبلی مشیر آباد
حیدرآباد۔3۔جنوری(سیاست نیوز) ریاستی حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے سلسلہ میں سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور پرجا پالنا پروگرام کے تحت وصول کی جانے والی درخواستیں جمع کرنا 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا پہلا مرحلہ ہے۔ ریاستی وزیر پونم پربھاکر نے آج حلقہ اسمبلی مشیرآباد میں درخواستوں کی وصولی کے مراکز کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ انچارج وزیر شہر حیدرآباد مسٹر پونم پربھاکر نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے درخواستوں کی وصولی کے بعد دیگر مراحل انجام دیئے جائیں گے۔ ریاستی وزیر کے دورہ ٔ مشیر آباد کے دوران مسٹر دوری شیٹی آئی اے ایس ‘ ضلع کلکٹر حیدرآباد کے علاوہ کانگریس قائدین مسٹر انیل کمار یادو‘ مسٹر واجد حسین اور دیگر موجود تھے۔ ریاستی وزیر نے بتایا کہ حکومت عوام کو سہولتوں کی فراہمی اور عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرے گی۔ انہو ںنے بتایا کہ درخواست فارمس کی وصولی کے بعد تمام امور کا جائزہ لیا جائے گا اور مستحقین کو وہ تمام اسکیمات فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے جن کا ریاستی حکومت کی جانب سے وعدہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے درخواست فارمس کی وصولی کے دوران عوام کو جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اس کی تفصیلات سے بھی آگہی حاصل کی اور کہا کہ ریاستی حکومت نے نہ صرف تلگو اور انگریزی بلکہ اردو زبان میں بھی ’ابھیاہستم ‘ اسکیم کے درخواست فارمس جاری کئے ہیں اورعوام میں ان فارمس کو مفت تقسیم کیا جا رہاہے۔3