حکومت ہند میر واعظ عمر فاروق کو رہا کرے :حریت کانفرنس

   

سری نگر : حریت کانفرنس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حریت چیئرمین میر واعظ ڈاکٹرعمر فاروق کی مسلسل نظر بندی کو آج 3 سال مکمل ہو گئے ہیں۔خیال رہے کہ موصوف کو حکام نے 4 اگست2019 سے ہی جب جموں وکشمیر کا خصوصی درجہ منسوخ کرکے اسے یوٹی میں شامل کیا گیا تب سے ہی میرواعظ کو گھر میں نظر بند رکھا گیا ہے ۔بیان کے مطابق حریت کانفرنس حکام کی اس کارروائی کی شدید مذمت کرتی ہے جس کے تحت اس کے چیرمین کے تمام بنیادی انسانی حقوق کو سلب کرکے انہیں غیر قانونی اور غیر اخلاقی طور پر نظر بند رکھا گیا ہے اور اس طرح موصوف کے عوامی رابطے مسدود اور پارٹی کارکنوں تک رسائی پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔حریت نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حریت چیئرمین کو دیرینہ تنازعہ کشمیر کے پرامن ذرائع سے بات چیت اور گفت و شنید کے ذریعے حل تلاش کرنے اور برصغیر میں بہتر ہمسائیگی کے قیام کی کوششوں کی وکالت کی سزا دی جارہی ہے کیونکہ حریت کانفرنس نے اپنے قیام کے ساتھ ہی نہ صرف اس موقف کی وکالت کی ہے بلکہ اس سمت میں اٹھائے گئے اقدامات میں سرگرم حصہ لیکر ایک فعال کردار ادا کیا ہے کیونکہ حریت کانفرنس مسائل کے حل کے حوالے سے افہام و تفہیم پر پختہ یقین رکھتی ہے ۔