حیات نگر میں حیڈرا کی انہدامی کارروائی

   

حیدرآباد۔/9 فروری، ( سیاست نیوز) جھیلوں اور تالابوں کے تحفظ میں مصروف حیڈرا نے حیات نگر میں آج غیر قانونی طور پر تعمیر کردہ عمارتوں کو منہدم کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ حیات نگر کے کوہیڈا میں اراضی پر قبضہ کرتے ہوئے فارم ہاوز تعمیر کیا گیا تھا۔ حیڈرا کے عہدیداروں نے رئیل اسٹیٹ تاجر بال ریڈی کے خلاف موصولہ شکایت پر مقدمہ درج کیا تھا۔ تقریبا170 پلاٹ اونرس نے شکایت کی کہ سروے نمبر 951 اور 952 میں 7.28 گنٹہ اراضی پر قبضہ کرتے ہوئے فارم ہاوز تعمیر کیا گیا۔ حیڈرا حکام نے اس معاملہ کی جانچ کرتے ہوئے غیرقانونی تعمیرات کو منہدم کردیا۔ پولیس کی بھاری جمعیت کی موجودگی میں انہدامی کارروائی انجام دی گئی۔ مقامی افراد کا ماننا ہے کہ غیرقانونی طور پر قابضین کی سرگرمیوں پر قابو پانے کیلئے حیڈرا کو سخت قدم اٹھانے چاہیئے۔ شہر کے مضافاتی علاقوں میں حیڈرا کی جانب سے انہدامی کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے تاکہ جھیلوں اور تالابوں کے آبگیر علاقوں کی حفاظت کی جائے۔1