حیدرآبادی صحافی سید قدیر الدین تحسین کو اعزاز

   

انڈیا بک آف ریکارڈ کی جانب سے گولڈ میڈل ، خدمات کی ستائش
حیدرآباد ۔ 29 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : محنت رنگ لاتی ہے اور صبر کا پھل میٹھا ہوتا ہے ۔ ایسا ہی کچھ معاملہ شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد سے تعلق رکھنے والے نوجوان صحافی سید قدیر الدین تحسین کے ساتھ ہوا ۔ انہیں ایک ایسے اعزاز سے نوازا گیا جو خود ہمارے شہر کے لیے ایک اعزاز ہے ۔ دراصل سید قدیر الدین کا نام انڈیا بک آف ریکارڈس میں نہ صرف شامل کیا گیا بلکہ انہیں ایک گولڈ میڈل ، قلم ، توصیف نامہ ، شناختی کارڈ اور بیاچ بھی عطا کئے گئے ۔ انڈیا بک آف ریکارڈس کی جانب سے دئیے گئے توصیف نامہ میں کہا گیا کہ سید قدیر الدین نے 2019 سے یو ٹیوب پر پروگرام ’ ڈاکٹر آپ کا ‘ شروع کیا ۔ اس کے تاحال 120 ایپی سوڈ ہوچکے ہیں جن میں مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹروں کے انٹرویوز لیے گئے جن میں ڈاکٹر اطہر پاشاہ ، ڈاکٹر ضیا الرحمن ، ڈاکٹر محمد عمران ، ڈاکٹر ٹی اومیش ، ڈاکٹر وامشی کرشنا قابل ذکر ہیں ۔ سید غفور الدین اور سیدہ اختر بیگم کے اس ہونہار فرزند نے حیدرآباد کی گندہ بستیوں میں صحت سے متعلق شعور بیدار کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا اور کورونا کی پہلی و دوسری لہر کے دوران غریب مجبور و بے بس مریضوں کو ماہر ڈاکٹرس سے آن لائن رجوع کراتے ہوئے ان کے علاج و معالجہ میں مدد کی ۔ تھلسیمیا سے متاثرہ بچوں کے لیے خون کے عطیات بھی دئیے ۔ سید قدیر الدین تحسین نے دفتر سیاست پہنچ کر نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں سے ملاقات کر کے انہیں اپنے کارناموں سے واقف کرایا جس پر نیوز ایڈیٹر سیاست نے انہیں مبارکباد دی ۔۔