’’حیدرآبادی فن گامہ شو 2022ء‘‘ کی تیاریاں مکمل

   

4 فروری کو للت کلاتھورنم باغ عامہ ، نامپلی میں پروگرام
’’سیاست شاپنگ دھوم‘‘ کی بمپر ڈرا تقریب کے موقع پر پیش کیا جانے والا کے بی جانی کا ’’حیدرآبادی فن گامہ شو‘‘ 4 فروری ہفتہ شام 6:30 بجے للت کلاتھورنم باغ عامہ، نامپلی میں منعقد ہوگا۔ اس شو کے کوآرڈینیٹر خیرالدین بیگ جانی کے مطابق شو میں شائقین کو متعدد نئے پروگرامس دیکھنے کو ملیں گے جو ان کے دلوں کو چھولیں گے۔ واضح رہے کہ ادارۂ سیاست کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی تفریح سے بھرپور فلمی انٹرٹینمنٹ شو منعقد کیا جائے گا جس کا مقصد شہریوں کو خوش و خرم رکھنا ہے جس کے ذریعہ نہ صرف ذہنی تھکاوٹ دور ہوتی ہے بلکہ شائقین کو تر و تازگی کے ساتھ ایک نئی توانائی کا احساس ہوتا ہے۔
آج کل فلمی گانوں میں صوفیانہ رنگ و صوفیانہ طرز کو اہمیت دی جارہی ہے اور ایسے گیت جو صوفیانہ رنگ لئے ہوتے ہیں، بے حد مقبول ہورہے ہیں۔ راحت فتح علی خاں ، اریجیت سنگھ ،عاطف اسلم کی شہرت ایسے ہی صوفیانہ نغموں کی وجہ سے چارسو پھیلی ہوئی ہے۔ آج کل شائقین کا مزاج صوفیانہ کلام سننے پر مائل ہے چنانچہ اس بات کو ملحوظ رکھتے ہوئے فن گامہ شو میں صوفیانہ رنگ کو بھی پیش کیا جائے گا۔ مزاح ، تھکے ہوئے ذہنوں کو راحت پہنچاتاہے، تھوڑی سی ہنسی نئی تازگی کا احساس دلاتی ہے۔
آج کے اس ٹینشن اور تناؤ سے بھرے دور میں ہنسنے کی گنجائش بہت کم ہی رہ گئی ہے۔ مسکراہٹیں جو آپ کے لبوں پر زندگی کی تلخیوں کی وجہ سے آنے سے قاصر تھی، فن گامہ شو کے ذریعہ تلافی ہوجائے گی کیونکہ فن گامہ شو اپنے کامیڈی آئٹمس کے ذریعہ شائقین کو فلک شگاف قہقہے لگانے پر مجبور کردے گا۔ ’’فن گامہ شو 2022ء‘‘ کا قابل توجہ پروگرام حیدرآبادی فلم اسٹارس کی آمد کا ہوگا جو اپنی فلموں کے ڈائیلاگ اور کامیڈی سے بھرپور خصوصی جھلکیاں پیش کریں گے۔
موسیقی ،ہر عمر و جنس کے ذوق کی تسکین کرتی ہے۔ خاص کر فلمی گانوں کے سب ہی شیدائی ہیں چنانچہ ’’حیدرآبادی فن گامہ شو 2022 ء ‘‘میں نئے اور پرانے ہٹ فلمی نغموں کو DK میوزیشن بیانڈ کی دھنوں پر پیش کیا جائے گا۔ مذکورہ شو کی خصوصیت یہ ہے کہ نئی ٹیکنک ایکوفونک ڈیجیٹل ڈالبی سسٹم ملٹی کلر فل لائٹنگ کے ساتھ ساتھ LED اسکرین سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔