حیدرآباد اور ریاست کے تمام اضلاع میں موسلا دھار بارش

,

   

آئندہ دو دن تک مزید بارش کی پیش قیاسی ، 4 اضلاع کے لیے آرینج ، 22 اضلاع کے لیے ایلو الرٹ کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد کے بشمول ریاست کے تمام اضلاع میں موسلا دھار بارش ہورہی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دن تک ریاست میں بارش ہونے کی پیش قیاسی کی ہے ۔ شہر حیدرآباد میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ۔ پانی کے نکاسی کے لیے ایمرجنسی اسکواڈ کو متحرک کردیا گیا ہے ۔ مئیر حیدرآباد جی وجئے لکشمی نے عوام کو احتیاط سے رہنے اور غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا ہے ۔ اضلاع میں کلکٹرس کو چوکسی کی ہدایت دی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے اضلاع عادل آباد ، کمرم بھیم ، آصف آباد اور نرمل کے لیے آرینج الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ اضلاع منچریال ، جگتیال ، نظام آباد ، راجنا سرسلہ ، جئے شنکر بھوپال پلی ، کاماریڈی ، میدک ، سنگاریڈی ، ورنگل ، ہنمکنڈہ ، ملگو ، محبوب آباد ، کتہ گوڑم ، یدادری بھونگیر ، سوریہ پیٹ ، کھمم ، نلگنڈہ ، رنگاریڈی ، حیدرآباد ، میڑچل ، ملکاجگری اور وقار آباد کے لیے ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ اتوار کو اضلاع عادل آباد ، کمرم بھیم ، آصف آباد ، نظام آباد ، منچریال میں زیادہ سے زیادہ بارش ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ جن اضلاع کے لیے ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ وہاں موسلا دھار بارش ہوگی ۔ گریٹر حیدرآباد کے مختلف مقامات میں دن کے 11 بجے سے بارش شروع ہوگئی ۔ گھر سے کاموں کے لیے باہر نکلنے والے عوام مشکلات کا سامنا کررہے ہیں ۔ شہر کی تمام سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئی ہیں جس سے ٹریفک مسائل پیدا ہوگئے ہیں ۔ بنجارہ ہلز ، جوبلی ہلز ، راجندر نگر ، عطا پور ، اپل ، عنبر پیٹ ، رامنتا پور ، ملک پیٹ ، دلسکھ نگر ، چیتنیہ پوری کالونی کے علاوہ دوسرے علاقوں میں دھواں دھار بارش ہوئی ۔ نشیبی علاقوں کے مکانات میں پانی داخل ہوگیا ۔ لکڑی کا پل ، حمایت نگر ، کاچی گوڑہ ، نلہ کنٹہ ، گول ناکہ ، خیریت آباد ، پنجہ گٹہ ، نامپلی ، کوٹھی ، لنگر حوض ، گنڈی پیٹ ، بنڈلہ گوڑہ ، شمس آباد ، رائے درگم وغیرہ میں زبردست بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔ جس سے کئی بستیوں اور کالونیوں کے ساتھ سڑکوں پر ڈرینج کا پانی ابل کر بہہ رہا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے آئندہ دو دن تک بارش ہونے کی پیش قیاسی ہونے کے بعد نشیبی علاقوں میں رہنے والے عوام کو چوکنا رہنے کی ہدایت دی ہے ۔ جی ایچ ایم سی میں کال سنٹر قائم کیا گیا ہے ۔ ایمرجنسی کے موقع پر 040-21111111 پر ربط پیدا کرنے کا عوام کو مشورہ دیا گیا ۔ ن

جی ایچ ایم سی میں کنٹرول روم کا قیام ، شہر کے کئی علاقے جھیل میں تبدیل ۔ کئی مکانات میں پانی داخل