حیدرآباد بلدی حدود میں پارلیمانی انتخابات کی تیاریاں

   

کمشنر مجلس بلدیہ دانا کشور کا سیاسی جماعتوں کے قائدین کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔12مارچ(سیاست نیوز) بلدی حدود حیدرآباد میں موجود دو پارلیمانی حلقہ جات میں انتخابات کے سلسلہ میں تیاریوں کا آغاز کرلیا گیا ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کے ذمہ داروں کے ہمراہ مسٹر دانا کشور ضلع الکٹورل آفیسر و کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے صورتحال کا جائزہ لیا اور انتخابی تیاریوں کے متعلق واقف کروایا۔شہر حیدرآباد کے دو پارلیمانی حلقہ جات کی تفصیلات سے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو واقف کرواتے ہوئے مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ ریاست میں منعقد ہونے والے عام انتخابات کے لئے 11اپریل کو رائے دہی ہونے والی ہے اور شہر کے حدود میں موجود دونوں پارلیمانی حلقہ جات کے لئے بھی اعلامیہ 18مارچ کو جاری کردیا جائے گا ۔ انہو ںنے مزید بتایا کہ 14حلقہ جات اسمبلی پر مشتمل ان دو پارلیمانی حلقوں حیدرآباد اور سکندرآباد میں جملہ 3ہزار 976 مراکز رائے دہی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے اور 22 فروری کو جاری کی گئی قطعی فہرست رائے دہندگان کے مطابق ان دونوں حلقہ پارلیمان میں جملہ 41لاکھ 62ہزار 215 رائے دہندے شامل ہیں جن میں 21لاکھ 57 ہزار 976 مرد رائے دہندے اور 20لاکھ 4ہزار 239خاتون رائے دہندگان شامل ہیں۔ مشٹر دانا کشور نے بتایا کہ حیدرآباد اور سکندرآباد حلقہ جات پارلیمان میں پرچۂ نامزدگی کی آخری تاریخ 25مارچ ہوگی اور پرچہ ٔ نامزدگی کی تنقیح کا عمل 26مارچ کو مکمل کرلیا جائے گا۔ انہو ںنے شیڈول کے متعلق مزید معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پرچۂ نامزدگی سے دستبرداری کی آخری تاریخ 28مارچ رکھی گئی ہے جبکہ اسی دن امیدوارو ںکی قطعی فہرست جاری کردی جائے گی ۔ ضلع الکٹورل آفیسر نے بتایا کہ 11 اپریل کو ہونے والے لوک سبھا عام انتخابات کے لئے رائے دہی کے تمام تر انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد انتخابی ذمہ داریوں کو تفویض کیا جانے لگا ہے اور عہدیداروں کو مامور کیا جارہاہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ حلقہ لوک سبھا حیدرآباد کے لئے مسٹر مانک راج آئی اے ایس ضلع کلکٹر حیدرآباد ریٹرننگ آفیسر ہوں گے جبکہ جوائنٹ کلکٹر حیدرآباد مسٹر روی حلقہ پارلیمان سکندرآباد کے ریٹرننگ آفیسر ہوں گے۔ انہو ںنے بتایا کہ ریٹرننگ آفیسر کی سہولت اور سیاسی جماعتوں و امیدواروں کو سہولت کی فراہمی کیلئے تمام حلقہ جات اسمبلی پر ایک اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر کی نامزدگی عمل میں لائی جاچکی ہے اور دونوں پارلیمانی حلقوں میں 2اضافی ایڈیشنل اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس کی نامزدگی عمل میں لائی گئی ہے۔