حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی طلبہ یونین کے الیکشن میں بائیں بازو اتحاد کی کامیابی

   

صدر ، نائب صدر اور دیگر عہدوں پر بائیں بازو طلبہ تنظیموں نے اے بی وی پی کو شکست دی
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اکٹوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کے انتخابات میں بائیں بازو جماعتوں کے اتحاد کو شاندار کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ یونیورسٹی کے 2026 یونین انتخابات میں اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا کی سرگرم قائد دلشادا ریحان کو صدر کے عہدہ پر شاندار کامیابی حاصل ہوئی۔ دلشادا نے بائیں بازو کی طلبہ تنظیموں اے آئی ایس اے ، اے ایس اے ، ڈی ایس یو اور ٹی ایس ایف کے مشترکہ امیدوار کے طور پر مقابلہ کیا تھا۔ انتخابی نتائج کا اعلان کردیا گیا جس میں انہوں نے بی جے پی کی طلبہ تنظیم اے بی وی پی اور ان کی حلیف تنظیموں کے مشترکہ امیدوار پوڈی شٹی نریش کو بھاری اکثریت سے شکست دے دی۔ دلشادا نے 451 ووٹوں کی اکثریت سے اے بی وی پی امیدوار کو شکست دے دی ۔ دلشادا کو جملہ 2178 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ نریش کو 1727 ووٹ حاصل ہوئے۔ دیگر عہدوں پر بھی بائیں بازو تنظیموں کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ نائب صدر کے عہدہ پر ایس ایف آئی اتحاد کے امیدوار کے نتیش چوہان نے 287 ووٹوں کی اکثریت سے اے بی وی پی امیدوار برشا رانی بہارا کو شکست دی۔ جنرل سکریٹری کے عہدہ پر پرتیک نے اے بی وی پی کے ونیش چودھری کو 311 ووٹوں کی اکثریت سے شکست دے دی۔ یونین کے جوائنٹ سکریٹری کے عہدہ پر ایس ایف آئی اتحاد کے امیدوار سدھانت نے اے بی وی پی اتحاد کے سپتاگری کو 399 ووٹوں سے ہرادیا۔ کلچرل سکریٹری کے عہدہ پر ایس ایف آئی اتحاد کے امیدوار ابھیناش کمار نے اے بی وی پی اتحاد کے مدھر کو محض 5 ووٹوں سے ہرادیا۔ نتائج کے اعلان کے بعد یونیورسٹی میں بائیں بازو طلبہ نے جشن منایا۔1/k/m/b