دوبئی میں تقریب ، سربراہ ونگ و سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند نے ایوارڈ حاصل کیا
حیدرآباد ۔ 16 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد نارکوٹیک انفورسمنٹ ونگ سربراہ حیدرآباد پولیس کمشنر سی وی آنند نے آج عالمی سطح کا باوقار ایکسیلنس ان اینٹی نارکوٹیکس ایوارڈ حاصل کیا ۔ دوبئی میں منعقدہ ورلڈ پولیس سمیٹ میں حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر کو یہ ایوارڈ حوالے کیا گیا ۔ 13 تا 16 مئی ورلڈ پولیس سمیٹ دوبئی میں حیدرآباد پولیس کو عالمی سطح پر پہلا مقام حاصل ہوا ۔ حیدرآباد پولیس نارکوٹک شعبہ سے منشیات کے خلاف اقدامات اور کارروائیوں کے علاوہ حیدرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں طلبہ اور عام شہریوں میں شعور بیداری اور گذشتہ تین سالوں سے کوششوں اور منشیات کے خلاف کامیاب کارروائی پر حیدرآباد سٹی پولیس کو اس باوقار ایوارڈ سے نوازا گیا اور حیدرآباد پولیس کو بین الاقوامی سطح پر شناخت حاصل ہوئی ہے ۔ دوبئی کے پولیس آفیسرس کلب میں منعقدہ اس تقریب آنند نے ایوارڈ حاصل کرلیا ۔ اس موقع پر کمشنر پولیس حیدرآباد ڈی جی سی وی آنند نے کہا کہ دنیا بھر سے 138 ممالک سے تعلق رکھنے والے نامور اور باصلاحیت پولیس نے اس میں حصہ لیا ۔ انہوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر حیدرآباد نارکوٹیک انفورسمنٹ وینگ کو یہ مقام حاصل ہونا فخر کی بات ہے ۔ دبئی میں منعقدہ اس ورلڈ پولیس سمیٹ میں 12 ممالک سے تعلق رکھنے والی پولیس کو 12 مختلف زمروں میں سرفہرست مقام حاصل ہوا اور منشیات میں بھارت سے حیدرآباد سٹی پولیس نے یہ باوقار ایوارڈ حاصل کیا ۔۔ ع