حیدرآباد ضلع کے دو لوک سبھا حلقوں میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کی نگرانی

   

45 لاکھ ووٹرس، 14 اپریل تک ناموں کی شمولیت، ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر رونالڈ راس کا جائزہ اجلاس

حیدرآباد۔/17مارچ، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن کی جانب سے لوک سبھا چناؤ کے شیڈول کی اجرائی کے بعد حیدرآباد ضلع کے الیکشن آفیسر رونالڈ راس نے عہدیداروں کے ساتھ تیاریوں کا جائزہ لیا۔ حیدرآباد ضلع کے تحت دو پارلیمانی حلقہ جات حیدرآباد اور سکندرآباد آتے ہیں۔ اس کے علاوہ ملکاجگیری لوک سبھا حلقہ کا کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ حیدرآباد کے تحت ہے۔ اس حلقہ میں ضمنی چناؤ مقرر ہے۔ رونالڈ راس کے مطابق حیدرآباد ضلع کے جملہ رائے دہندے 4570138 ہیں جن میں 2330574 مرد اور 2339240 خاتون رائے دہندے ہیں۔ تھرڈ جینڈر رائے دہندے 324 اور معذور رائے دہندوں کی تعداد 22995 ہے۔ 18 سال کی تکمیل کے بعد نئے ووٹرس کی تعداد 65595 درج کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت اور تصحیح کے سلسلہ میں فارم 6 کے تحت 46574 نئے نام شامل کئے گئے۔ فارم 6A کے تحت 917 این آر آئی ووٹرس کے نام شامل ہوئے۔ رونالڈ راس نے بتایا کہ الیکشن شیڈول کی اجرائی کے باوجود فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کا عمل جاری ہے۔ پرچہ جات نامزدگی کے ادخال سے 10 دن قبل یعنی 14 اپریل تک ناموں کی شمولیت کیلئے درخواست دی جاسکتی ہے۔ حیدرآباد ضلع میں 3986 پولنگ بوتھس ہیں اور انتخابی عملے کی تعداد 40 تا 45 ہزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کا سختی سے نفاذ ہوگا اور شراب کی دکانات پر کڑی نگرانی رکھی جائے گی۔ شراب کی دکانات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے اور مختلف علاقوں میں 18 چیک پوسٹس قائم کئے جائیں گے۔ رقومات کی منتقلی اور منشیات کو روکنے کیلئے انکم ٹیکس، اکسائیز اور دیگر محکمہ جات کے عہدیدار متحرک رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں فلائنگ اسکواڈز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ رونالڈ راس کے مطابق شکایات کیلئے ٹول فری نمبر 1950 سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔540 فلائنگ اسکواڈ اسٹاف کے علاوہ 868 مائیکرو آبزرورس اور 60 ویڈیو سرویلنس ٹیمیں رہیں گی۔ دونوں لوک سبھا حلقہ جات کے تحت 15 اسمبلی حلقے ہیں۔ سب سے زیادہ رائے دہندے حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز میں 3.8 لاکھ درج کئے گئے۔ کاروان میں 3.6 لاکھ اور یاقوت پورہ میں 3.5 لاکھ رائے دہندے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف محکمہ جات کے تعاون سے انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔1