حیدرآباد مقیم مغربی بنگال مزدوروں کو مدد کرنے پر اظہار تشکر

   

رکن پارلیمنٹ اے ایچ خاں چودھری کا شیخ عبداللہ سہیل کو مکتوب
حیدرآباد ۔ 16 اپریل (سیاست نیوز) مغربی بنگال کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اے ایچ خان چودھری نے تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کے دوران مغربی بنگال کے مزدور بالخصوص حلقہ لوک سبھا مالدہ کے مزدوروں کو راشن پیاکٹس تقسیم کرنے پر اظہارتشکر کیا اور مکتوب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کو روانہ کیا۔ تلنگانہ میں لاک ڈاؤن کا اعلان کرنے کے بعد پہلے ہی دن سے شیخ عبداللہ سہیل کی جانب سے غریب عوام میں راشن کٹس تقسیم کرتے ہوئے انہیں راحت فراہم کررہے ہیں۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ مغربی بنگال اے ایچ خان چودھری کی خواہش پر مغربی بنگال کے نقل مقام کرنے والے مزدور جو حیدرآباد کے مختلف مقامات پر قیام پذیر ہیں، ان میں بھی راشن کٹس تقسیم کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی مختلف ٹیموں کی جانب سے لاک ڈاؤن کے دوران غریب و ضرورتمند افراد میں اشیائے ضروریہ تقسیم کررہے ہیں۔ گاندھی بھون میں قیام کردہ کنٹرول روم کو جیسے ہی کوئی اطلاع مل رہی ہے اس پر فوری ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ضرورتمند افراد کی مدد کی جارہی ہے۔ مادھاپور، گچی باؤلی اور حفیظ پیٹ میں مقیم مغربی بنگال کے مزدوروں کی مدد کی گئی ہے۔ اشیائے ضروریہ، ترکاری کے علاوہ کھانے کے پیاکٹس بھی تقسیم کئے جارہے ہیں۔ شہر کے مختلف سلم علاقوں میں کانگریس کی ہدایت پر اشیائے ضروریہ تقسیم کی جارہی ہیں اور جب تک لاک ڈاؤن رہے گا تب تک غریبوں کی اس طرح ہی مدد کی جائے گی۔