حیدرآباد میں انڈر گراؤنڈ برقی کیبل سسٹم متعارف کرنے چیف منسٹر کی ہدایت

   

حیدرآباد۔/12 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے گریٹر حیدرآباد سے آوٹر رنگ روڈ کے حدود تک عالمی معیار کے انڈر گراؤنڈ کیبل سسٹم کی تجویز پیش کی اور اس سلسلہ میں جائزہ لینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ مختلف ممالک میں انڈر گراؤنڈ پاور کیبل نیٹ ورک کا جائزہ لیتے ہوئے حکومت کو رپورٹ پیش کریں۔ چیف منسٹر نے محکمہ برقی اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں زیر زمین برقی کیبل سسٹم کی تجویز پیش کرتے ہوئے اسے شہر کی ترقی کیلئے ناگزیر قرار دیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کے ہمراہ چیف منسٹر نے تلنگانہ کلین اینڈ گرین انرجی پالیسی 2025 کو جاری کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ زیر زمین کیبل کے سلسلہ میں مختلف امکانات کا جائزہ لیا جائے۔ برقی کے علاوہ دیگر کیبل بھی زیر زمین ہونے چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ زیر زمین کیبل سسٹم کے ذریعہ برقی کے نقصانات کو کم کیا جاسکتا ہے اور برقی چوری اور برقی حادثات کو روکنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ آفات سماوی کی صورت میں برقی سربراہی میں رکاوٹ جیسی شکایات کا ازالہ ممکن ہے۔ ریونت ریڈی نے عہدیداروں سے کہا کہ مجوزہ موسم گرما میں برقی کی موثر سربراہی کیلئے جامع منصوبہ تیار کریں۔ چیف منسٹر کو عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست میں گذشتہ سال مارچ میں برقی طلب 15623 میگا واٹ تھی جو جاریہ سال مارچ میں بڑھ کر 16877 میگا واٹ ہوجائے گی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ برقی کی پیداوار اور سربراہی کو طلب کے مطابق کرنے کیلئے منصوبہ بندی کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بڑھتی طلب کے مطابق برقی سربراہیی کو یقینی بنایا جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اگر کوئی تکنیکی خرابی پیدا ہوتی ہے تو قریبی فیڈر کے ذریعہ برقی سربراہی عمل میں لائی جائے تاکہ کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ عہدیداروں سے کہا گیا کہ قبائیلی علاقوں میں مفت برقی سربراہی کیلئے سولار پاور اور سولار پمپ سیٹس فراہم کئے جائیں۔ محکمہ جنگلات اور محکمہ قبائیلی بہبود کو مشترکہ طور پر رپورٹ پیش کرنی چاہیئے جس کے تحت قبائیلی علاقوں میں اسکیم پر عمل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سولار پمپ سیٹس کی سربراہی کیلئے اداروں کا انتخاب کیا جائے۔ چیف منسٹر نے پرگی میں گذشتہ دس برسوں سے زیر التواء 400 کے وی سب اسٹیشن کی تعمیر کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ گوشہ محل میں عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت کی تعمیر کے پیش نظر علاقہ سے برقی سب اسٹیشن کسی اور مقام منتقل کیا جائے۔ اجلاس میں وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ، حکومت کے مشیر سرینواس راجو، چیف سکریٹری شانتی کماری، اسپیشل چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ، منیجنگ ڈائرکٹر ٹرانسکو کرشنا بھاسکر، منیجنگ ڈائرکٹر جینکو سندیپ کمار سلطانیہ اور منیجنگ ڈائرکٹر سنگارینی کالریز بلرام نائیک شریک تھے۔1