حیدرآباد میں بھی درجہ حرارت 44 ڈگری سے متجاوز

,

   

کچھ اضلاع میں 46.7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ پیر سے غیر موسمی بارش کے امکانات

حیدرآباد3 مئی (سیاست نیوز ) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے کئی علاقوں میں آج درجہ حرارت 44 ڈگری سے تجاوز کرچکا ہے اور تلنگانہ کے کئی مقامات پر درجہ حرارت 46 ڈگری سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات و محکمہ صحت سے انتباہ جاری کرکے عوام کو ہدایت دی گئی کہ وہ بلا ضرورت شدید گھروں سے نکلنے سے گریز کریں اور دھوپ کے اوقات میں گھر میں رہنے کو ترجیح دیں۔ تلنگانہ میں آج سب سے زیادہ پداپلی ‘ جگتیال ‘ سوریہ پیٹ ‘ کھمم‘ نلگنڈہ ‘ منچریال میں درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا اور یہاں کئی علاقوں میں 46.7 ڈگری تک درجہ حرارت پہنچ گیا جبکہ شہر حیدرآباد کے نواحی علاقوں وقار آباد‘میڑچل ملکا جگری‘ رنگاریڈی ‘ کے علاقوں میں درجہ حرارت 45.3 ڈگری سے تجاوز کرچکا ہے۔ حیدرآباد میں بنسی لعل پیٹ میں درجہ حرارت 44 ڈگری ریکارڈ کیا گیاجبکہ موسیٰ پیٹ‘ قطب اللہ پور‘ میں 44.2 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔اس کے علاوہ دونوں شہروں کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت 42ڈگری سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ پرانے شہر کے علاقوں میں درجہ حرارت 43 ڈگری سے زیادہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق شہر میں آئندہ تین یوم درجہ حرارت میں اسی طرح اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا جبکہ 7 مئی کو تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں غیر موسمی بارش کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ موسمیات اور خانگی ماہرین کی پیش قیاسی میں کہا گیا کہ تلنگانہ اور شہر حیدرآباد میں آج ریکارڈ گرمی کی شدت جاریہ موسم گرما کی سب سے زیادہ گرمی سمجھی جا رہی ہے اور 2015کے بعد سے اب تک کی سب سے زیادہ گرمی کے طور پر اسے ریکارڈ کیا جا رہاہے۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ میں آئندہ تین یوم درجہ حرارت میں اضافہ کے علاوہ گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے ۔3