حیدرآباد میں سپریم کورٹ بنچ اسپورٹس اینڈ مائیننگ یونیورسٹیز کا قیام

   

تلنگانہ کیلئے کانگریس کا ضمنی انتخابی منشور، قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری اور پالمور پراجکٹ کو قومی درجہ، تکو گوڑہ میں آج اجرائی
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اپریل (سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات کے لئے کانگریس پارٹی نے تلنگانہ عوام سے ریاست کے مفادات کی تکمیل کے وعدے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی کے قومی انتخابی منشور کے ساتھ ریاست کے مسائل پر مبنی ضمنی انتخابی منشور کل 6 اپریل کو تکو گوڑہ کے جلسہ عام میں جاری کیا جائے گا ۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور راہول گاندھی کی موجودگی میں تلنگانہ کا منشور جاری کیا جائے گا جس میں حیدرآباد میں سپریم کورٹ بنچ کے قیام اور ریاست کی تقسیم کے وقت آندھراپردیش میں ضم کئے گئے بھدراچلم کے 5 مواضعات کی واپسی شامل ہیں۔ پردیش کانگریس کمیٹی کی انتخابی منشور کمیٹی نے ریاستی وزیر ڈی سریدھر بابو کی صدارت میں ضمنی انتخابی منشور کو قطعیت دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ کے علحدہ منشور کو منظوری دے دی ہے۔ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کے تحت تلنگانہ سے جو وعدے کئے گئے تھے، ان کی ترجیحی بنیادوں پر تکمیل کی جائے گی ۔ واضح رہے کہ کانگریس پارٹی میں گزشتہ سال ڈسمبر میں اقتدار حاصل کیا اور تین ماہ میں پانچ ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے ۔ مرکز میں کانگریس برسر اقتدار آنے کی صورت میں تلنگانہ کے ساتھ مکمل انصاف کرنے اور تمام دیرینہ مطالبات کی تکمیل کا تیقن دیا جائے گا ۔ ریاست کی تقسیم کے وقت متحدہ کھمم ضلع کے 5 مواضعات کو آندھراپردیش میں ضم کردیا گیا تھا۔ مقامی عوام تلنگانہ میں واپسی کیلئے مسلسل احتجاج کر رہے ہیں۔ کانگریس اپنے انتخابی منشور میں 5 مواضعات کی تلنگانہ میں واپسی کا تیقن دے گی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری اور بیارم اسٹیل پلانٹ کے قیام کا وعدہ کیا جائے گا جو آندھراپردیش تنظیم جدید قانون میں شامل ہے۔ پالمور رنگا ریڈی لفٹ اریگیشن پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دیا جائے گا ۔ تلنگانہ میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ ، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف فارن ٹریڈ اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ایجوکیشن ریسرچ کے قیام کا وعدہ کیا جائے گا ۔ قومی سطح کے یہ ادارے تلنگانہ میں قائم کئے جائیں گے ۔ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں نیشنل اسپورٹس کے علاوہ مائیننگ اور ہوا بازی یونیورسٹیز کے قیام کا وعدہ کرے گی ۔ انفارمیشن ٹکنالوجی انویسٹمنٹ ریجن (آئی آئی ٹی آر) پراجکٹ کے احیاء کا وعدہ کیا جائے گا ۔ یو پی اے حکومت نے دوسری میعاد میں اس پراجکٹ کا اعلان کیا تھا جسے بی جے پی حکومت نے روک دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ قبائلیوں کے تہوار سمکا سارکا فیسٹول کو قومی فیسٹول کا درجہ دینے کا وعدہ کیا جائے گا۔ کانگریس کو یقین ہے کہ پانچ ضمانتوں پر عمل آوری اور نئے قومی انتخابی منشور کے اعلان سے پارٹی 14 لوک سبھا حلقوں میں کامیابی حاصل کرے گی۔ 1