حیدرآباد میں ٹریفک مسائل سے نمٹنے فلائی اوورس کا جال

   

ایل بی نگر فلائی اوور کا کام مکمل ، عنقریب افتتاح ، کمشنر بلدیہ دانا کشور کا دورہ اور معائنہ
حیدرآباد ۔ 12 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد میں ٹریفک مسائل سے نمٹنے کے لیے مختلف اہم مقامات پر فلائی اوور برجس تعمیر کرنے کے منصوبہ جات پر عمل آوری کرنے کے لیے حکومت نے اقدامات کا آغاز کیا ہے ۔ اس طرح شہر حیدرآباد کی اہم شاہراہ دلسکھ نگر تا حیات نگر کے درمیان واقع ایل بی نگر مقام پر ٹریفک مسائل سے نمٹنے کے لیے فلائی اوور برج کے کاموں کا آغاز کیا تھا جو کہ تقریبا تکمیل کے مراحل میں ہے اور توقع ہے کہ آئندہ چند دنوں میں اس ( ایل بی نگر ) فلائی اوور برج کا افتتاح عمل میں آئے گا ۔ اسی طرح حکومت نے کاچی گوڑہ جنکشن تا اوپل شاہراہ پر واقع عنبر پیٹ 6 نمبر روڈ پر ٹریفک کے روز بروز بڑھتے ہوئے مسائل سے نمٹنے کے لیے فلائی اوور برج تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا اور گذشتہ چند ماہ قبل سے فلائی اوور برج کی تعمیر کے لیے درکار اراضی کے حصول کے اقدامات جاری ہیں ۔ اس فلائی اوور برج کی تعمیر میں درپیش مختلف مسائل کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن مسٹر دانا کشور نے اس مقام کا دورہ کر کے صورتحال کا متعلقہ عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا اور درپیش روکاوٹوں کو دور کرنے کے ساتھ آئندہ ایک ہفتہ میں فلائی اوور برج کے تعمیری کاموں کا آغاز کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی عہدیداروںکو ضروری ہدایات دیں ۔ مسٹر دانا کشور کے دورہ کے موقعہ پر رکن اسمبلی عنبر پیٹ مسٹر کے وینکٹیش ، کارپوریٹرس کے پدماوتی ، ڈی پی ریڈی ، جی شری دیوی ، رمیش ، پولی جگن ، اے چیتنیہ کنا ، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن چیف انجینئر ، مسٹر سری دھر ، زونل کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر رگھو پرساد کے علاوہ مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے عہدیدار بھی موجود تھے ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر دانا کشور نے تعمیری کاموں کا آغاز کرنے میں حائل رکاوٹوں سے متعلق تفصیلات عہدیداروں کے ذریعہ دریافت کر کے واقفیت حاصل کی اور سڑک کی توسیع کرنے کے لیے جاری کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی ۔ علاوہ ازیں اس موقعہ پر فلائی اوور برج کے نقشوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور ضرورت پڑنے پر برقی کھمبوں ، پینے کے پانی کی پائپ لائنوں کے ساتھ ساتھ ڈرینج پائپ لائنس کی تبدیلی عمل میں لانے کی بھی ہدایات دیں ۔ مسٹر دانا کشور نے کرشنا واٹر پائپ لائنوں کو کوئی نقصان نہ پہونچنے کے لیے پلرس کی تعمیر کرنے کا مشورہ دیا اور برج تعمیر کے سلسلہ میں مسلم قبرستان کی پائی جانے والی باونڈری وال ( دیوار ) منہدم کر کے درمیان سے پلرس کی تعمیر عمل میں لانے کی ہدایت دیتے ہوئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کمشنر نے ٹریفک کے بہاؤ میں کوئی خلل اندازی نہ ہونے کے لیے زندہ طلسمات ، ریڈ بلڈنگ ، پٹیل نگر روڈ کے متبادل راستے تیار کرنے کے اقدامات کے لیے عہدیداروں کو ہدایات دیں ۔ عنبر پیٹ چھ نمبر فلائی اوور برج کی تعمیر سے 281 جائیدادیں جزوی متاثر ہورہی ہیں اور بعض جائیدادیں مکمل طور پر متاثر ہورہی ہیں ۔ جس کے پیش نظر ابتک صرف 187 جائیداد مالکین نے اپنی جائیدادوں سے متعلق رضا مندی کا اظہار کیا جب کہ 94 جائیداد مالکین کی جانب سے اعتراض کیا گیا جس کی روشنی میں عوامی مفاد عامہ کے تحت قانون حصول اراضی کے تحت کورٹ میں درخواستیں پیش کی جاچکی ہیں ۔ عہدیداروں نے کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر دانا کشور کو اس بات سے بھی واقف کروایا کہ اب تک عنبر پیٹ چھ نمبر فلائی اوور برج تعمیر کی زد میں آنے والے جائیداد مالکین میں جملہ 110 کروڑ روپیوں کی ادائیگیاں عمل میں لائی جاچکی ہیں اور ماباقی جائیدادوں کے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کرلینے کا عہدیداروں نے کمشنر جی ایچ ایم سی کو یقین دلایا ۔ اس صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے مسٹر دانا کشور نے جو کچھ بھی مسائل درپیش ہوں ان تمام کی یکسوئی کر کے اندرون ایک ہفتہ اس فلائی اوور برج کے تعمیری کاموں کا آغاز کرنے موثر اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کی متعلقہ عہدیداروں کو سخت ہدایات دیں ۔۔