روی تیجا کے خلاف ایف آئی آر درج ، کاچی گوڑہ پولیس کی لاپرواہی ، والدین کا شدید احتجاج
حیدرآباد 17 جولائی ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ میں خواتین اور بالخصوص اسکولی طالبات کے تحفظ پر سوالات پیدا ہورہے ہیں ۔ حیدرآباد کے تلک نگر میں واقع ’ سری ودیا اسکول ‘ میں ریاضی کے ٹیچر روی تیجا کی جانب سے کمسن طالبات کو بے حیائی کے ساتھ ہراساں کرنے کا انتہائی شرمناک واقعہ سامنے آیا ۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ طالبات کے والدین کی باضابطہ شکایت اور پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج ہونے کے باوجود کاچی گوڑہ پولیس ملزم کے خلاف کارروائی میں مکمل غافل نظر آرہی ہے جس کے بعد والدین کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے ۔ متاثرہ طالبات کے والدین کا الزام ہے کہ جب وہ پولیس سے کارروائی پر استفسار کرتے ہیں تو کاچی گوڑہ پولیس لاپرواہی اور ہتک آمیز لہجے میں جواب دیتی ہے کہ ’ کیا ہمارے پاس کوئی اور کام نہیں ہے ؟ ‘ تحقیقات جاری ہیں ۔ پولیس کے اس رویے کے باعث ملزم روی تیجا بناکسی خوف کے آزاد گھوم رہا ہے ۔ ابھی حال میں شاہ آباد رنگاریڈی میں پولیس کی لاپرواہی کی وجہ سے پوکسو ملزم راجکمار کو وقت پر گرفتار نہیں کیا گیا تھا جس کا نتیجہ چھ افراد کے ہولناک قتل کی شکل میں سامنے آیا ۔ اسی طرح یادادری بھونگیر ضلع میں بھی پولیس کی غفلت کے باعث پوکسو کیس کے ملزم نے متاثرہ لڑکی کا اغواء کرلیا تھا ۔ ان سنگین واقعات کے زخم ابھی بھرے نہیں تھے کہ حیدرآباد کے قلب میں یہ بدترین تازہ واقعہ پیش آیا ہے ۔ متاثرہ لڑکیوں کی ماں نے سوشیل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرکے ریاضی ٹیچر روی تیجا کی اسکول کی لڑکیوں سے گھناونی حرکت اور بدتمیزی ، ساتھ ہی پولیس رویہ کی لاپرواہی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوگئی ۔ متاثرہ لڑکیوں کے والدین نے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں اور محکمہ تعلیم سے مطالبہ کیا کہ معصوم طالبات کے مستقبل اور ان کی ذہنی و جسمانی حفاظت کو یقینی بنانے ریاضی ٹیچر روی تیجا کو فوری گرفتار کیا جائے اور کاچی گوڑہ پولیس کے غافل عملے کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے ۔ 2/k/b