حیدرآباد میں 7 ستمبر سے میٹرو ٹرین بحال ،اسکول اور کالجس بدستور بند رہیں گے

,

   

21 ستمبر سے عبادت گاہوں میں 100 افراد کی اجازت، شادیوں میں 100 مدعوئین کی شرکت کو منظوری،
چیف سکریٹری کے احکامات
حیدرآباد : حیدرآباد میں گزشتہ پانچ ماہ کے وقفہ کے بعد 7 ستمبر سے میٹرو ٹرین کا آغاز ہوگا۔ مرکزی حکومت کے ان لاک ۔4 گائیڈلائینس کے تحت تلنگانہ حکومت نے بھی گائیڈ لائینس جاری کرتے ہوئے 7 ستمبر سے میٹرو ٹرین سرویس کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے۔ میٹرو ٹرین حکومت کے فیصلہ کے مطابق مرحلہ وار انداز میں چلائی جائے گی۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے جی او ایم ایس 120 کے تحت رہنمایانہ خطوط جاری کئے ۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے مینجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی کے مطابق حکومت کی ہدایات کے مطابق میٹرو سرویسیس بحال کی جائیں گی۔ تاہم احتیاطی اقدامات کے سلسلہ میں اندرون دو یوم فیصلہ کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹرین میں سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے پر توجہ دی جائے گی اور مسافرین کیلئے ماسک کا استعمال لازی قرار دیا جاسکتا ہے۔ ٹرین کی گنجائش کے مطابق سماجی فاصلہ کے تحت مسافرین کو سفر کی اجازت رہے گی۔ حیدرآباد میٹرو ریل انتظامیہ بہت جلد گائیڈ لائینس جاری کرے گا۔ گریٹر حیدرآباد کے عوام کو میٹرو ٹرین کے آغاز کا بے چینی سے انتظار تھا۔ توقع ہے کہ میٹرو ریل کے آغاز سے دور دراز سفر کرنے والے افراد بالخصوص سرکاری و خانگی ملازمین کو سہولت ہوگی۔ چیف سکریٹری کے احکامات کے مطابق اسکول ،

کالجس ، تعلیمی اور کوچنگ ادارے 30 ستمبر تک بند رہیں گے۔ اس کے علاوہ سنیما ہالس ، سوئمنگ پولس ، تفریحی پارک ، تھیٹرس اور تفریحی مقامات بھی بند رہیں گے۔ آن لائین اور ڈسٹنس ایجوکیشن کی اجازت اور حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔ 50 فیصد ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کو طلب کرنے کی اسکولوں کو اجازت دی گئی ہے۔ تاکہ آن لائین ٹیچنگ کا کام انجام دیا جاسکے۔ 9 ویں تا 12 ویں جماعت کے طلبہ کو رضاکارانہ طورپر اسکولس جانے کی اجازت دی گئی ہے تاکہ وہ ٹیچرس سے رہنمائی حاصل کرسکیں۔ سرپرستوں کی جانب سے تحریری اجازت کے بعد ہی 21 ستمبر سے اس کی اجازت رہے گی۔ اعلیٰ تعلیمی اداروں نے پی ایچ ڈی اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ لیباریٹری اور تجرباتی سرگرمیوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔ 21 ستمبر سے سماجی ، تعلیمی ، کھیل کود، تفریحی ، کلچرل ، مذہبی اور سیاسی تقاریب میں 100 افراد کی شرکت کی اجازت رہے گی۔ ان تقاریب میں ماسک کا استعمال سماجی فاصلہ کی برقراری ، تھرمل اسکیانگ اور ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال لازمی رہے گا۔ 20 ستمبر تک شادیوں 50 اور آخری رسومات میں 20 افراد کی شرکت کی پابندی برقرار رہے گی جبکہ 21 ستمبر سے 100 افراد شرکت کرسکیں گے۔ اوپن ایر تھیٹرس 21 ستمبر سے کھل جائیں گے۔ بارس اور کلبس بدستور بند رہیں گے اور ان کیلئے علحدہ احکامات جاری کئے جائیں گے۔ 60 سال سے زائد عمر کے افراد ، حاملہ خواتین اور 10 سال سے کم عمر کے بچوں کو گھروں تک محدود رہنے اور انتہائی ضروری صحت کے معاملہ میں باہر نکلنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ تمام ضلع کلکٹرس کو 30 ستمبر تک گائیڈ لائینس پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی گئی۔