حیدرآباد و رنگاریڈی میں ہیلت ایمرجنسی کے اعلان کا مطالبہ

   

کورونا معاملہ میں صورتحال سنگین، محمد علی شبیر کا بیان

حیدرآباد۔کانگریس پارٹی نے حیدرآباد ، رنگاریڈی اور پڑوسی اضلاع میں ہیلت ایمرجنسی کے اعلان کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کورونا کے کیسس میں دن بہ دن اضافہ اس بات کا متقاضی ہے کہ ہیلت ایمرجنسی ڈکلیر کی جائے ۔ سابق وزیر اور سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے کہا کہ تلنگانہ اور بالخصوص گریٹر حیدرآباد، رنگاریڈی اور میڑچل میں گذشتہ 15 دنوں میں کورونا کے کیسس میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ 31 مئی تک تلنگانہ میں کیسس کی تعداد 2792 تھی جبکہ اموات 88 تھیں۔ 19 جون کو پازیٹیو کیسس کی تعداد بڑھ کر 6526 اور اموات 198 تک پہنچ گئے۔ اس طرح گذشتہ 19 دنوں میں اموات دُگنی ہوچکی ہیں۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ کئی ماہرین نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ کورونا کے کیسس میں مزید اضافہ ہوگا اور صورتحال سنگین نوعیت اختیار کرسکتی ہے۔ تلنگانہ میں 50569 سیمپلس لئے گئے تھے جن میں سے 13 فیصد پازیٹیو پائے گئے۔ حکومت نے آئندہ 10 دنوں میں 50 ہزار ٹسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے نتیجہ میں مریضوں کی تعداد بڑھ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو تمام سرگرمیوں کو منسوخ کرتے ہوئے کورونا پر قابو پانے کیلئے توجہ دینی چاہیئے۔ حکومت تمام وسائل کو بروئے کار لائے۔ چیف منسٹر کو جاننا چاہیئے کہ صرف اعداد و شمار سے مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ حکومت کو ہیلت ایمرجنسی نافذ کرنی ہوگی۔ تمام خانگی ہاسپٹلس کو ہدایت دی جائے کہ وہ کورونا بحران کے دوران غیر کورونا مریضوں کو واپس نہ کریں۔