حیدرآباد کو مرکزی زیرانتظام علاقہ بنانے کی تجویز نہیں

   

لوک سبھا میں اسد اویسی کے بیان کی مذمت ۔ کشن ریڈی کا رد عمل
حیدرآباد : مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے واضح کیا کہ حیدرآباد کو مرکزی زیرانتظام علاقہ قرار دینے کی کوئی تجویز مرکز کے پاس زیرغور نہیں ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے لوک سبھا میں اسدالدین اویسی کے بیان کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس مسئلہ پر جواب دینے سے قبل اسد اویسی ایوان سے راہ فرار اختیار کئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسد اویسی کے بیان کی مذمت کرتے ہیں۔ ٹی آر ایس اور مجلس کیلئے بے بنیاد اور جھوٹی خبروں کو عام کرنا عادت بن چکی ہے۔ واضح رہے کہ مجلس کے رکن پارلیمنٹ و صدر اسد اویسی نے ہفتے کو لوک سبھا میں جمو ںو کشمیر سے متعلق بل پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے اس خیال کا اظہار کیا تھا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت دوسرے شہروں جیسے حیدرآباد ‘ چینائی اور ممبئی کو بھی مرکزی زیر انتظام علاقوں میں تبدیل کرسکتی ہے ۔ انہوں نے اس خیال کا اظہار کیا تھا کہ کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کرکے مرکزی زیر انتظام علاقہ بنانا صرف ایک شروعات ہے اور حکومت مزید شہروں کو بھی مرکزی زیر انتظام علاقوںمیں تبدیل کرسکتی ہے ۔ اسد اویسی کے اس بیان پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے جی کشن ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد کو مرکزی زیر انتظام علاقہ بنانے کی کوئی تجویز حکومت کے پاس زیر غور نہیں ہے اور اس تعلق سے افواہ پھیلائی جا رہی ہے ۔