حیدرآباد کی فضاء قومی ترانہ ’’جن گن من‘‘ سے گونج اٹھی

,

   

چیف منسٹر کے سی آر نے عابڈس سرکل پر شرکت کی،پنڈت نہرو کو بھرپور خراج، دینی مدارس کے طلبہ توجہ کا مرکز، تلنگانہ بھر میں حب الوطنی کا مظاہرہ

حیدرآباد ۔16۔اگست (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کی فضاؤں میں آج قومی ترانہ کی گونج سنائی دی۔ آزادی کی 75 سالہ تقاریب کے ضمن میں ریاست گیر سطح پر حکومت نے اجتماعی طور پر قومی ترانہ پڑھنے کا اہتمام کیا تھا۔ حیدرآباد اور ریاست کے ہر ضلع کے گاؤں گاؤں میں عوام نے جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس پروگرام میں حصہ لیا اور ایک ہی وقت یعنی 11.30 بجے دن قومی ترانہ کی گونج سے فضاء معمور ہوگئی۔ اسکولی طلبہ ، سیاسی پارٹیوں اور رضاکارانہ تنظیموں کی جانب سے ترنگا ریالیوں کا اہتمام کیا گیا ۔ حیدرآباد میں اس پروگرام کی خصوصیت یہ تھی کہ کئی علاقوں میں دینی مدارس کے طلبہ ریالی کی شکل میں اس پروگرام میں شرکت کے لئے پہنچے۔ قومی پرچم کو لہراتے ہوئے دینی مدارس کے طلبہ کی ریالیوں نے عوام کو کافی متاثر کیا ۔ شہر کے کئی اہم چوراہوں پر دینی مدارس کے طلبہ نے اجتماعی طور پر قومی ترانہ پڑھا۔ عوام بالخصوص نئی نسل کو جدوجہد آزادی کی تاریخ اور مجاہدین آزادی کی قربانیوں سے واقف کرانے کیلئے حکومت نے 22 اگست تک مختلف پروگراموں کا فیصلہ کیا ہے۔ یوں تو ملک بھر میں آزادی تقاریب منائی جارہی ہے لیکن اجتماعی طور پر قومی ترانہ پڑھنے کا پروگرام ملک میں اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام رہا۔ حکومت کی جانب سے اہم مقامات پر پبلک ایڈریس سسٹم کا اہتمام کیا گیا تاکہ ایک ہی وقت میں سارے شہر میں قومی ترانہ کی گونج سنائی دے۔ پروگرام کی کامیابی میں ٹریفک اور لاء اینڈ آرڈر پولیس کا اہم رول رہا۔ حیدرآباد میں اہم تقریب عابڈس چوراہے پر منعقد ہوئی جہاں مجسمہ پنڈت نہرو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اجتماعی قومی ترانہ پڑھنے کے پروگرام میں شرکت کی ۔ چیف منسٹر نے پنڈت جواہر لال نہرو کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بی جے پی کو واضح پیام دیا ہے۔ اضلاع میں ریاستی وزراء اور سیول و پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں اور سیاسی قائدین نے پروگرام میں حصہ لیا ۔ ٹھیک 11.29 منٹ اور 30 سکنڈ کو کمانڈ کنٹرول کے ذریعہ سارے شہر میں سائرن کی آواز گونجنے لگی جو پروگرام کے آغاز کا اشارہ تھا۔ ٹھیک 11.30 بجے کمانڈ کنٹرول کے ذریعہ قومی ترانہ گایا گیا۔ عابڈس چوراہے پر منعقدہ پروگرام میں ہزاروں افراد شریک ہوئے جن میں اسکولی طلبہ کی قابل لحاظ تعداد موجود تھی ۔ چیف منسٹر کے سی آر کے علاوہ یوم آزادی تقاریب کمیٹی کے صدرنشین ڈاکٹر کے کیشو راؤ ، ریاستی وزراء پرشانت ریڈی، ای دیاکر راؤ ، محمد محمود علی ، ٹی سرینواس یادو ، سرینواس گوڑ ، رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسدالدین اویسی ، رکن راجیہ سبھا وی روی چندرا، ارکان مقننہ مدھو سدن چاری ، ڈی ناگیندر ، سبھاش ریڈی ، اے جیون ریڈی ، چیف سکریٹری سومیش کمار اور دیگر اہم شخصیتوں نے شرکت کی۔ پروگرام سے قبل ملک کے پہلے وزیراعظم اور مجاہد آزادی پنڈت جواہر لال نہرو کے مجسمہ پر پھول نچھاورت کئے گئے۔ علاقہ میں ساری فضاء حب الوطنی کے نعروں سے گونج اٹھی۔ چیف منسٹر کے سی آر نے عوام کے والہانہ استقبال کا ہاتھ ہلاکر جواب دیا۔ اطراف کے علاقہ کو قومی پرچم سے سجایا گیا تھا ۔ عمارتوں پر بھی ترنگا کا ڈیزائین تیار کیا گیا ۔ قومی ترانہ کی تکمیل کے بعد جئے ہند اور جئے تلنگانہ کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ پروگرام کے فوری بعد چیف منسٹر واپس ہوگئے اور پولیس نے اہم شخصیتوں کی واپسی کے بعد ٹریفک کو بحال کردیا۔ ر