حصول اراضیات کے نصف اخراجات برداشت کرنے پر تلنگانہ حکومت کی ستائش : نتن گڈکری
حیدرآباد 30 اپریل ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے کہا کہ حیدرآباد کے اطراف ریجنل رنگ روڈ کے کاموں کا آئندہ تین ماہ میں آعاز ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ریجنل رنگ روڈکے شمالی حصہ کے کاموں کی مرکزی حکومت نے پہلے ہی منظوری دیدی ہے اور تفصیلی پراجیکٹ رپورٹ تیاری کے آخری مراحل میں ہے ۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ کو یہ بھی تیقن دیا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ریجنل رنگ روڈ کے جنوبی حصوں کے پراجیکٹ سے متعلق درخواست پر بھی ہمدردانہ غور کرے گی ۔ نتن گڈکری 12 نیشنل ہائی ویز اور سات مرکزی روڈ اینڈ انفرا اسٹرکچر فنڈ پراجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کر رہے تھے ۔ ان پراجیکٹس کی جملہ طوالت 460 کیلومیٹر ہے اور پر ایک اندازہ کے مطابق 8000کروڑ روپئے کے اخراجات آئیں گے ۔ مرکزی وزیر نے پراجیکٹ کیلئے حصول اراضیات کے پچاس فیصد اخراجات برداشت کرنے کے اعلان پر حکومت تلنگانہ کی ستائش کی ۔ انہوں نے تجویز کیا کہ ریاستی حکومت شہروں ‘ صنعتی کلسٹرس ‘ لاجسٹکس پارکس ریجنل رنگ روڈ کے اطراف قائم کرنے کی منصوبہ بندی بھی کرے اور ان کیلئے بھی اراضیات حاصل کرے ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کی جانب سے لاجسٹکس پارکس تیار کئے جا رہے ہیں۔ مجوزہ ریجنل رنگ روڈ حیدرآباد کے اطراف 40تا 50 کیلومیٹر کے فاصلے تک تعمیر کی جا رہی ہے اور اس کی جملہ طوالت 340 کیلومیٹر ہوگی ۔ اس پر جملہ 16,003 کروڑ روپئے کے اخراجات ہونگے ۔ تلنگانہ کے وزیر عمارات و شوارع وی پرشانت ریڈی نے کہا کہ 158 کیلومیٹر طویل شمالی حصہ کیلئے اراضیات کے حصول کا کام تیز کردیا جائیگا اور جاریہ مالیاتی سال کے دوران اس کو منظور کرلیا جائیگا ۔