حیدرآباد کے کارپوریٹ دواخانوں میں مہاراشٹرا کورونا وائرس مریضوں کی بھر مار

,

   

مہاراشٹرا ۔ تلنگانہ سرحد کھلا رہنے کا انجام
دواخانوں میں بستروں کی قلت ، آندھرا پردیش کے مریضوں کا بنگلور میں علاج
حیدرآباد۔ شہر حیدرآباد کے کارپوریٹ و خانگی دواخانوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں دیکھے جانے والے اضافہ کی بنیادی وجہ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے مریضوں کا زیر علاج ہونا ہے۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں کارپوریٹ دواخانوں میں بستروں کی عدم موجودگی کی وجوہا ت کا جائزہ لینے پر اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ شہر حیدرآباد کے دواخانوں میں زیر علاج کورونا وائرس مریضوں میں 20تا30 مریضوں کا تعلق ریاست مہاراشٹرا سے ہے اور مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے مریضوں کے شہر حیدرآباد میں علاج کیلئے پہنچنے کے سبب شہر کے دواخانوں میں بستروں کا حصول انتہائی مشکل ہوچکا ہے۔ شہر کے ایک سرکردہ کارپوریٹ ہاسپٹل کے ذمہ دارنے بتایا کہ مہاراشٹرا سے کرناٹک میں داخلہ پر عائد کی جانے والی پابندی کے سبب مہاراشٹراسے تعلق رکھنے والے وہ مریض جو کہ اچھے دواخانوں میں اپنا علاج کروانا چاہتے ہیں ان کے لئے حیدرآباد کے دواخانے اولین ترجیح بنے ہوئے ہیں اور بڑی تعداد میں مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے مریض شہر حیدرآباد پہنچ رہے ہیں تاکہ دواخانوں میں علاج و معالجہ کی سہولت حاصل کرسکیں۔ دواخانہ کے ذمہ دار نے بتایا کہ مریض دواخانہ پہنچنے کے بعد یہ نہیں دیکھا جاتا کہ مریض کس ریاست یا شہر کا ہے بلکہ اس کے علاج پر توجہ دی جاتی ہے ۔شہر حیدرآباد کے بیشتر خانگی دواخانوں میں شریک مریضوں میں 30فیصد کے قریب مریضوں کا تعلق مہاراشٹرا کے اضلاع سے ہے۔ دواخانہ میں علاج کے لئے شریک مریضوں کا علاج جاری ہے اور تمام کورونا وائرس کے مریضوں کی تفصیلات محکمہ صحت کو روانہ کی جار ہی ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ کارپوریٹ دواخانوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرس اور دواخانہ کے انتظامیہ نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کو اس بات سے واقف کروادیا ہے کہ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے مریضوں کی بڑی تعداد اپنے علاج کیلئے حیدرآباد کے دواخانو ں سے رجوع ہورہی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ ریاست آندھرا پردیش سے شہر حیدرآباد پہنچ کراپنا علاج کروانے والے مریضوں کا جائزہ لینے پر اس بات کا انکشاف ہواہے کہ شہر حیدرآباد کے سرکردہ کارپوریٹ دواخانوں میں زیر علاج کورونا وائرس کے مریضوں میں آندھراپردیش کے مریضوں کی فیصد 7 تک پہنچ چکا ہے اور کہا جار ہاہے کہ آندھراپردیش کے مریضوں کو کرناٹک کی سرحد میں داخلہ کے سلسلہ میں کسی قسم کی تحدیدات کا سامنا نہیں ہے اسی لئے آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے مریضوں کی بڑی تعداد بنگلورو کا رخ کررہی ہے اور مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے کورونا وائرس کے متاثرین کو کرناٹک کی سرحد میں داخلہ کی اجازت نہ دیئے جانے کے سبب مہاراشٹراکے مریض شہرحیدرآباد کا رخ کر رہے ہیں۔