حیدرآباد بمقابلہ چینائی، دھونی کو بیٹنگ اور وارنر کو بولنگ کا مسئلہ

   

دبئی۔ آئی پی ایل 13 میں مستقل طور پر مایوسی کا شکار مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں چینائی سوپرکنگز کے لئے منگل کو سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف آئی پی ایل میچ میں آر پارکی جنگ ہوگی۔گذشتہ میچ میں چینائی سوپرکنگز کو بنگلور کے خلاف37 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ حیدرآباد ایک سنسنی خیز مقابلے میں راجستھان رائلز کے خلاف پانچ وکٹوں سے شکست کھا گیا تھا۔ چینائی سوپرکنگز پوائنٹس ٹیبل میں سات میچوں میں دوفتوحات اور پانچ شکستوں کے ساتھ چار پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے ۔ حیدرآباد کی ٹیم سات میچوں میں تین فتوحات ، چار شکست کے بعد چھ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے ۔چینائی کو حیدرآباد کے خلاف بہتر کھیل اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ ٹورنمنٹ میں ان کے نصف میچ ہو چکے ہیں اور اسے پلے آف میں جگہ بنانے کے لئے آنے والے میچوں میں اپنے بیشتر میچ جیتنا ہوں گے ۔ چینائی کے پاس سات میچ باقی ہیں اور آخری چار کی دوڑ میں بنے رہنے کے لئے کم از کم چھ میچ جیتنے ہوں گے ۔چینائی کے لئے ان کی بیٹنگ سب سے بڑی پریشانی کی بات ہے جو مسلسل ناکام رہی ہے ۔ کولکاتہ کے خلاف 168 رنز کے تعاقب میں چینائی کے بیٹسمینوں نے جس انداز سے مایوس کیا اور10 رنز سے میچ ہارا اس سے دھونی کے بیٹنگ کی کمی ظاہر ہوتی ہے ۔کولکتہ کے خلاف صرف شین واٹسن نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن مڈل آرڈر بیٹسمین کی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے چینائی کو میچ ہارنا پڑا ۔ رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف 170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چینائی کا بیٹنگ شعبہ لڑکھڑا گیا اور وہ صرف 132 رنز ہی بنا سکا۔بنگلور کے خلاف میچ کے بعدکپتان دھونی نے بھی اعتراف کیا کہ ان کی بیٹنگ ان کے لئے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے ۔ چینائی کے پاس واٹسن ، فاف ڈو پلیسیس ، امباتی رائیڈو اور دھونی جیسے عظیم بیٹسمینسہیں لیکن یہ اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہے ہیں۔واٹسن اور ڈو پلیسیس صرف ایک یا دو مواقع پر چل سکے تھے لیکن دھونی اب تک اپنی کارکردگی سے ٹیم کو متاثر کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ دھونی کو جلد ہی اپنی فارم دوبارہ حاصل کرنا ہوگا اور ٹیم کی جیت میں اپنا حصہ ادا کرنا ہوگا۔ حیدرآباد راجستھان کے خلاف جیتا ہوا میچ ہارگیا۔ اسے آخر میں بولروں کی مایوس کن کارکردگی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم حیدرآباد نے بیٹنگ کے ساتھ اطمینان بخش کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا اور اس کا آغاز بہت ہی سست تھا۔ حیدرآباد کو 10-15 رنز کم بنانے کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔ وارنر کو اپنی بولنگ کو بہت بہتر بنانا ہوگا اور ان کے بیٹسمینوں کو سمجھنا ہوگا کہ ٹی 20 فارمیٹ میں زیادہ وقت نہیں لیا جا سکتا۔حیدرآباد میں وارنر، جانی بیرسٹو ، منیش پانڈے ،کین ولیم سن اور پریم گرگ جیسے شاندار بیٹسمینس ہیں جو کسی بھی لمحے کھیل کو موڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان بیٹسمینوں میں ، بیرسٹو ، وارنر اور پانڈے اپنی فارم میں چینائی کے لئے خطرہ بن سکتے ہیں لیکن حیدرآباد کو اپنی بولنگ میں تیز رفتار اور مستقل مزاجی برقرار رکھنا ہوگی۔اس سیزن کے ریکارڈ کے مطابق دونوں ٹیموں کے مابین میچ میں حیدرآباد کا پلڑا بھاری ہے لیکن اس سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے کہ حیدرآباد اور چینائی اپنے سابق میچ ہار چکے ہیں اور دونوں کے حوصلے کسی قدرپست ہیں۔ دونوں ٹیموں کے پاس واپسی کا بہتر موقع رہے گا۔