تاحال چھ مقامات پر اہم کارروائیاں۔بااثر شخصیتوں اور سیاسی قائدین کو بھی کوئی راحت نہیں
حیدرآباد 25 اگسٹ(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے ’حیدرا‘ کے قیام کے بعد سے اب تک کی گئی اہم کاروائیوں میں 6 مقامات پر کاروائیوں کا تذکرہ کیا جا رہا ہے اور کہا جارہا ہے کہ ’حیدرا‘ کی کاروائیوں نے بلڈرس اور ایسے ڈیولپرس جو تالابوں اور ایف ٹی ایل میں قبضہ کرکے تعمیرات کی تھیں ان کی نیندیں اڑا دی ہیں ۔ ’حیدرا‘ سے جاری تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ 3 ماہ میں ’حیدرا‘ نے مجموعی اعتبار سے 43.94 ایکڑ ایف ٹی ایل قبضہ جات کو برخواست کیا ہے جن میں سابق مرکزی وزیر پلم راجو کے بھائی پلم آنند کی جائیداد (او آر او اسپورٹس) کو منہدم کرکے محصلہ اراضی و دیگر سیاسی قائدین کی اراضیات و جائیدادیں شامل ہیں۔ گئی تفصیلات میں بتایا گیا کہ رکن اسمبلی بہادر پورہ جناب محمد مبین کی جائیداد جو کہ 5منزلہ عمارت زیر تعمیر تھی اس کے علاوہ رکن کونسل مجلس مرزا رحمت بیگ کا مکان جو 2منزلہ تعمیر کیا جا رہاتھا اسے منہدم کیا گیا ۔اس کے علاوہ کانگریس رکن اسمبلی خیریت آباد کی تائید کے ساتھ تعمیر کی جارہی کمپاؤنڈ وال کو منہدم کرکے سرکاری اراضی کو قبضہ ہونے سے محفوظ کیاگیا ۔چنتل تالاب میں رتناکرم راجو نامی مقامی بی آر ایس قائد کے قبضہ کو منہدم کیاگیا ۔مسز انوپما کی جائیداد جو کہ بااثر شخصیت کی اہلیہ ہیں کو منہدم کیاگیا ۔ سنیل ریڈی جو کہ بی جے پی ٹکٹ پر منتھنی حلقہ سے مقابلہ کرچکے ہیں ان کی جائیدادکو منہدم کرکے اسے بھی حاصل کرلیاگیا ہے۔ کاویری سیڈس کے مالک و سابق رکن تروملا تروپتی دیواستھانم مسٹر جی وی بھاسکر راؤ کی جائیداد کو حاصل کرکے اسے منہدم کردیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ ’حیدرا‘ کی گئی کاروائی میں اکینینی ناگیشور کی ملکیت این ۔ کنونشن کے گذشتہ یوم انہدام کے بعد ’حیدرا‘ کی مختلف گوشوں سے ستائش کی جا رہی ہے اور شہر کے مختلف مقامات پر آج عوام نے ریالی منظم کرکے ’حیدرا‘ کی غیر جانبدارانہ کاروائیوں اور تالابوں کے تحفظ کے اقدامات پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ’حیدرا‘ کی کاروائیاں شہر کے بچوں کے مستقبل کے تحفظ اور ان کیلئے شہر کو رہنے کے قابل بنائے رکھنے کی کوشش ہیں جن کی تائید کی جانی چاہئے ۔ حکومت سے 12جولائی کو ’حیدرا‘ کے قیام کیلئے باضابلہ احکامات کی اجرائی عمل میں لائی گئی تھی اور اب تک کی گئی کاروائیوں کے دوران اس شعبہ نے دیویندرنگر گجولہ رامارم میں 55 غیر مجاز تعمیرات کو منہدم کیا جبکہ نندگیری ہلز ‘ جوبلی ہلز میں 17 عمارتوں کے انہدام کو مکمل کیاگیا ۔ اسی طرح بم رکن الدولہ شاستری پورم میں کاروائیوں میں بیشتر عمارتوں کو منہدم کرکے زمین دوز کیاگیا جبکہ نظام پیٹ میں ’حیدرا‘ نے 3 پانچ منزلہ عمارتوں کو مکمل منہدم کردیا۔اپوجی گوڑہ میں تین فارم ہاؤز اور چلکور میں 1 فارم ہاؤز کو منہدم کیاگیا جو کہ گنڈی پیٹ کے ایف ٹی ایل میں تعمیر کئے گئے تھے ۔3