خاتون آئی اے ایس عہدیدار کے مکان میں گھسنے والا ڈپٹی تحصیلدار گرفتار

   

ساتھی بھی حراست میں ۔ سمیتا سبھروال نے واقعہ سے ٹوئیٹر پر عوام کو واقف کروایا
حیدرآباد/22 جنوری، ( سیاست نیوز ) پاش علاقہ جوبلی ہلز میں مقیم خاتون آئی اے ایس عہدیدار کے مکان میں ڈپٹی تحصیلدار رات دیر گئے داخل ہونے پر اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ دو دن قبل اس وقت پیش آیا جب چیف منسٹر آفس کی سکریٹری شریمتی سمیتا سبھروال کے مکان میں رات 11:30 بجے ایک نامعلوم شخص اچانک داخل ہوگیا اور اسے دیکھ کر خاتون عہدیدار نے چیخ و پکار شروع کردی جس پر وہاں موجود سیکوریٹی عملے نے اس شخص اور ساتھی کو گرفتارکرلیا۔ بتایا گیا کہ میڑچل کا نائب تحصیلدار 50 سالہ آنند ریڈی ہائی سیکوریٹی علاقہ میں سمیتا سبھروال کے مکان میں گھس پڑا اور بیڈ روم تک جاپہنچا۔ خاتون عہدیدار اجنبی کو مکان میں دیکھ کر سکتہ کا شکار ہوگئیں اور فوری خود کو بچانے اقدامات کئے اور سیکوریٹی عملے کو آگاہ کیا۔ واقعہ کے بعد سمیتا سبھروال نے ٹوئٹر پر اس سے عوام کو واقف کرایا اور مشورہ دیا کہ ناگہانی صورتحال میں حاضر دماغی ضروری ہے اور مصیبت میں ڈائیل 100 کا استعمال کریں۔ سیکوریٹی عملے کی جانب سے آنند ریڈی اور اس کا ساتھی جو آئی اے ایس عہدیدار کے مکان کے باہر پارک کی ہوئی گاڑی میں انتظار کررہا تھا کو گرفتار کرکے انہیں عدالتی تحویل میں دے دیا گیا۔ب