جنسی ہراسانی اور بدسلوکی کے واقعات سے لے کر چھیڑ چھاڑاور جسمانی رابطہ تک کے کئی الزامات ۔ ایف آئی آر کی تفصیل کا انکشاف
نئی دہلی: دہلی کے جنتر منتر پر پہلوانوں کا ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ اس درمیان ’انڈین ایکسپریس‘ میں شائع رپورٹ کے مطابق خواتین پہلوانوں کی شکایت پر بی جے پی کے رکن پارلیمان برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف درج دہلی پولیس کی ایف آئی آر میں یہ درج کرایا گیا ہے۔ خاتون پہلوانوں نے ریسلنگ فیڈریشن کے صدر پر جنسی ہراسانی اور بدسلوکی کے واقعات سے لے کر چھیڑ چھاڑ، نامناسب طریقے سے چھونے اور جسمانی رابطہ تک کے کئی سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق خاتون ریسلرز نے شکایت کی ہے کہ انہیں ٹورنمنٹ کے دوران وارم اپ اور یہاں تک کہ نئی دہلی میں ڈبلیو ایف آئی کے دفتر میں جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس رپورٹ میں برج بھوشن کے خلاف جنسی ہراسانی کے الزامات کی تفصیل دی گئی ہے، جس کے مطابق بھوشن پر الزام لگانے والی 7 ریسلرز میں سے 2 نے پولیس کو شکایت میں کئی بار جنسی ہراسانی کا ذکر کیا ہے۔ دہلی کے کناٹ پلیس پولیس اسٹیشن میں یہ شکایتیں 21 اپریل کو دی گئی تھیں اور ان میں کم از کم 8 واقعات کا ذکر کیا گیا ہے۔ شکایت کرنے والی دونوں پہلوانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ برج بھوشن نے انہیں نامناسب طریقے سے چھوا اور ان کی سانس چیک کرنے کے بہانے ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔ شکایت میں ریسلرز نے کہا کہ انہوں نے پہلے اس بارے میں بات نہیں کی کیونکہ ریسلنگ ایسوسی ایشن کے صدر کے طور پر بھوشن کے اثر و رسوخ اور اس سے ان کے کریئر پر اثرات پڑنے کے اندیشے غالب تھے۔ اپنی شکایت میں ریسلر 1 (نام مخفی) نے صدر ڈبلیو ایف آئی کے خلاف جنسی ہراسانی کے کم از کم 5 واقعات کی بات کہی ہے۔ ایک واقعہ 2016 کے ایک ٹورنمنٹ کے دوران پیش آیا جب برج بھوشن ایک خاتون ریسلر کو اپنے پاس بلایا اور ایک ریستوران میں اس کے چھاتی اور پیٹ کو نامناسب طور پر چھوا۔ اپنی شکایت میں خاتون پہلوان نے کہا کہ اس واقعے کے بعد وہ کھانا بھی نہیں کھا سکتی تھی۔ اس کی نیند خراب ہو گئی تھی اور وہ ڈپریشن میں چلی گئی تھیں۔ پہلوان نے اپنی شکایت میں مزید الزام لگایا کہ 2018 میں برج بھوشن نے اسے کافی دیر تک مضبوطی سے گلے لگایا اور برج بھوشن کو جھٹکا دے کر دور کرنا پڑا کیونکہ اس کا ہاتھ اس کے سینے کے قریب تھا۔ دیگر خاتون پہلوان نے بھی شکایت میں ایسے ہی الزامات لگائے ہیں۔ ریسلر 2 نے الزام لگایا کہ جب وہ 2018 میں پریکٹس کر رہی تھی، برج بھوشن نے اس کی تربیتی جرسی اٹھائی اور اس کے پیٹ اور سینے کو چھوتے ہوئے کہا کہ وہ اس کی سانسیں چیک کر رہا ہے۔ پہلوان نے شکایت میں کہا کہ وہ اس واقعہ سے بہت حیران اور پریشان تھی۔ خاتون پہلوان نے الزام لگایا کہ واقعہ کے تقریباً ایک سال بعد جب وہ ڈبلیو ایف آئی کے دفتر گئی تو برج بھوشن نے باقی لوگوں کو باہر بھیجا اور زبردستی اسے پکڑنے کی کوشش کی۔ خاتون پہلوان نے یہ بھی الزام لگایا کہ برج بھوشن نے ان سے اس کا ذاتی نمبر مانگا اور اپنا نمبر دیا۔ رپورٹ کے مطابق دونوں خاتون پہلوانوں نے رواں ہفتے سی آر پی سی کی دفعہ 161 کے تحت دہلی پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرایا ہے۔ اگرچہ برج بھوشن نے اپنے اوپر لگے تمام الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے لیکن ’انڈین ایکسپریس‘ نے ان سے رابطہ کیا تو انہوں نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔