خاتون سارق گرفتار، لاکھوں روپیوں کا مسروقہ مال ضبط

   

گنٹور کی ملزمہ 25 سے زائد سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ، سٹی پولیس کمشنر کا بیان
حیدرآباد ۔ /18 جولائی (سیاست نیوز) ملک پیٹ پولیس نے خاتون سارق کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی اور اس کے قبضہ سے لاکھوں روپئے کا مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 30 سالہ وی انورادھا جس کا تعلق ضلع گنٹور آندھراپردیش سے ہے حیدرآباد ، سائبر آباد اور رچہ کونڈہ کمشنریٹ حدود میں 25 سے زائد سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار خاتون سارق کم عمر اسکولی بچوں کو اپنا نشانہ بنایا کرتی تھی اور انہیں چاکلیٹ ، آئسکریم دینے کے بہانے راغب کرتے ہوئے ان کے جسم سے طلائی اور چاندی کے زیورات کا سرقہ کرلیا کرتی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ وی انورادھا شہر کے علاقہ ملک پیٹ ، سعیدآباد ، عنبر پیٹ اور جوبلی ہلز میں 8 سے زائد سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ہے اور پولیس نے سی سی ٹی وی کے ذریعہ اس کا پتہ لگانے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ انجنی کمار نے کہا کہ عادی سارق کی نقل و حرکت کو کرمن گھاٹ نندنا وانم علاقہ میں قید کیا گیا تھا اور اس کی نشاندہی کے بعد ملک پیٹ پولیس کی ایک ٹیم نے اسے گرفتار کرلیا ۔ کمشنر نے کہا کہ گرفتار سارق کے قبضہ سے 3 لاکھ 80 ہزار مالیتی طلائی زیورات برآمد کرلئے گئے ہیں ۔