خاتون صحافیوں سے بدسلوکی، راہول کی امیت شاہ پر تنقید

   

نئی دہلی۔ 5 اکتوبر (یواین آئی) لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے دہلی میں حالیہ مظاہروں کے دوران خواتین اور خاتون صحافیوں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی پر دہلی پولیس اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو نشانہ بنایا ہے ۔ گاندھی نے سوشل میڈیا کے ذریعہ کہا کہ دہلی میں اس وقت جو کچھ ہو رہا ہے ، اس کا ایک ہی پیٹرن ہے ۔جو خاتون سوال پوچھے ، اسے خاموش کرا دو۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جنتر منتر پر سینکڑوں لوگوں کو تحویل میں لیا گیا اور خاتون مظاہرین نے مرد پولیس اہلکاروں کی جانب سے بدسلوکی کے الزامات عائد کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاتون صحافیوں کے کیمرے چھینے گئے اور انہیں گھسیٹا گیا۔ حالیہ جنتر منتر مظاہرے کے دوران تین خاتون صحافیوں نے پولیس اہلکاروں پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے ہیں، جن کی شکایتیں دہلی پولیس نے تحقیقات کے لیے کرائم برانچ کو بھیج دی ہیں۔ گاندھی نے ساکیت تھانے سے متعلق پرانے معاملہ کا حوالہ دیتے ہوئے پورا سی سی ٹی وی فوٹیج عام کرنے اور قصوروار پولیس اہلکاروں پر فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے شاہین، نفیسہ سمیت مبینہ متاثرین کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے شاہ سے سوال کیاکہ آپ اور آپ کی پولیس خواتین سے ڈرتی کیوں ہے ؟
غور طلب ہے کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفیٰ کے مطالبے پر دہلی کے مختلف علاقوں میں مسلسل احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔