خاتون کے گلے لگانے کے بعد فٹبالر پر پابندی اور جرمانہ

   

تہران ۔ ایران میں خواتین کے اسٹیڈیم میں داخلے پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایرانی فٹبال فیڈریشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک کے شمال مغرب میں واقع شہر تبریز میں خواتین کے اسٹیڈیم میں داخلے پر پابندی عائد کی جائے۔ رپورٹس کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ یہ پابندی تبریز میں ہوگی یا پورے ملک میں۔ ایک مقامی میچ کے دوران ایک خاتون مداح نے میدان میں داخل ہوکر گول کیپر سید حسین حسینی کو گلے لگا لیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق خاتون نے حجاب نہیں پہنا ہوا تھا اور انہوں نے فٹبالرکو 3 سیکنڈ تک گلے لگایا۔ رپورٹس کے مطابق مبصرین نے امکان ظاہرکیا ہے کہ خاتون کی اس حرکت کی وجہ سے پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں فٹبالرحسین حسینی پر4500 ڈالر جرمانہ عائدکیا گیا ہے اور انہیں ایک میچ کے لیے معطل بھی کیا گیا ہے۔ فٹبالر نے کہا ہے کہ میں خاتون مداح کی خاطر جرمانہ ادا کروں گا۔