مکرم جاہ اسکول میں گریجویشن ڈے سے خطاب‘ ہونہار طلبہ کیلئے اسکالر شپ کا اعلان
حیدرآباد۔10؍جولائی ( پریس نوٹ ) آصف جاہ نہم نواب میر عظمت جاہ بہاد ر نے کہا کہ علم سے بڑی کوئی دولت نہیں ہے۔ جس کے پاس علم ہے وہی فاتح زمانہ ہے۔ نواب عظمت جاہ مکرم جاہ اسکول پرانی حویلی کے آصف جاہ ہال میں دسویں جماعت کے طلبہ کے گریجویشن ڈے تقریب سے مخاطب تھے۔ نویں نظام کی حیثیت سے تخت نشینی کے بعد مکرم جاہ اسکول میں یہ ان کی پہلی تقریر تھی ۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ ان کے والدین ان کے سنہرے مستقبل کے جو خواب دیکھے ہیں اسے حقیقت میں بدلنے سخت محنت کریں ۔ انہوں نے اسکول کے 10 غیر معمولی ہونہار طلبہ کیلئے اسکالر شپ کا اعلان کیا۔ مکرم جاہ اسکول نواب میر برکت علی خان مکرم جاہ بہادر نے قائم کیا تھا جو تعلیمی ترقی کیلئے آصف جاہی خاندان کی علمی اور تعلیمی خدمات کا تسلسل ہے ۔ عظمت جاہ بہادر نے اپنے خاندان کے تعلیمی مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ نواب ابو الفیض خان ٹرسٹی مکرم جاہ ٹرسٹ فار ایجوکیشن اینڈ لرننگ نے طلبہ سے خطاب میں کہا کہ منزل کو حاصل کرنے کا کوئی مختصر راستہ نہیں ہے بلکہ سخت محنت ، ڈسپلین ، وقت کی پابندی اور منزل تک پہنچنے کی جستجو ہی کامیابی تک پہنچنے کی ضمانت ہے۔ انہوںنے تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور اپنے مستقبل کے تعین کیلئے خود کو فیصلہ کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے مسرت کا اظہار کیا کہ مسرت محل پرانی حویلی کے ایک حصہ کی تزئین نو کی گئی اور یہاں تقریب منعقد کی گئی۔ نواب فیض خان نے طلبہ کے والدین اور سرپرستوں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کو ان کی مرضی اور پسند کے مطابق کورسس کے انتخاب کی آزادی دیں۔ ٹرسٹی فیض بن جنگ نے طلبہ کو مبارکباد پیش کیا اور انہیں تلقین کی کہ وہ اپنے اخلاق، کردار، ذہانت سے دنیا میں اپنا و اپنے والدین اور اپنے اسکول کا نام روشن کریں۔ پرنسپل ریکھا وادھے نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔ قبل ازیں نواب عظمت جاہ بہادر نے این سی سی کیڈیٹس کے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ انہوں نے طلبہ اور طالبات سے تبادلہ خیال کیا اور ان کے ساتھ گروپ فوٹوز لئے۔ اس موقع پر جناب خلیل احمد ٹرسٹی بھی موجود تھے۔