خانگی اسکولوں کو ماہانہ فیس کی وصولی کی ہدایت: بی ونود کمار

   

سرکاری و خانگی اسکولوں میں آن لائین کلاسیس کا اہتمام،صدر نشین پلاننگ بورڈ سے مسلمہ اسکول انتظامیہ اسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات
حیدرآباد : نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے خانگی اسکولوں کے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ طلبہ سے ماہانہ اساس پر ٹیوشن فیس وصول کریں۔ حکومت نے جی او آر ٹی 46 جاری کرتے ہوئے خانگی اسکول انتظامیہ کو ماہانہ فیس وصول کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ اس کے علاوہ کووڈ۔19 کے پیش نظر فیس میں اضافہ سے روک دیا گیا۔ تلنگانہ کے مسلمہ اسکولوں کے انتظامیہ کی اسوسی ایشن نے بی ونود کمار سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں اسکولی تعلیم کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ ونود کمار نے کہا کہ سرکاری مسلمہ اسکولوںکی ذمہ داری ہے کہ وہ ٹیچرس کی تنخواہیں باقاعدہ ادا کریں۔ طلبہ سے ماہانہ فیس وصول کرتے ہوئے ٹیچرس کا تحفظ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے نتیجہ میں ٹیچرس مالی مسائل کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 20 اپریل کو کابینہ کے اجلاس میں حکومت نے کورونا کی صورتحال کے پیش نظر فیس میں اضافہ نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانگی اور سرکاری اسکولوں میں آن لائین کلاسیس کا آغاز ہوچکا ہے اور طلبہ اس سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ونود کمار نے کہا کہ مرکزی حکومت کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق تلنگانہ حکومت تعلیمی اداروں کی سرگرمیوں کو بتدریج بحال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو کورونا سے بچانے کیلئے اسکول انتظامیہ کا حکومت سے تعاون ضروری ہے۔ اسکولوں کے انتظامیہ کی اسوسی ایشن کے ذمہ داروں یادگیری شیکھر راو صدر ، مدھو سدن جنرل سکریٹری ، ناگیشور راؤ خازن ، سرینواس ریڈی کارگزار صدر، این نارائن ریڈی مشیر اور دیگر ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔