خانگی دواخانوں کے خلاف اقلیتی کمیشن کو عوامی شکایات

   

کارروائی کیلئے حکومت سے رجوع، اقلیتی کمیشن کا آن لائن اجلاس
حیدرآباد۔تلنگانہ اقلیتی کمیشن کے اجلاس میں آن لائن موصولہ درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کا فیصلہ کیا گیا۔ صدر نشین محمد قمر الدین کی صدارت میں کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں نائب صدرنشین بی شنکرلوکے، ارکان جی نوریا، محمد ارشد علی خاں، ودیا شرونتی، ایم اے عظیم ، بی کٹیا، سردار سریندر سنگھ اور سکریٹری ہریش چندر ساہو نے آن لائن شرکت کی۔ کورونا وباء کے پیش نظر آن لائن اجلاس منعقد کیا گیا۔ صدرنشین نے آن لائن موصولہ درخواستوں کے بارے میں ارکان سے مشاورت کی اور انہیں شکایتوں کی جانچ کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ ہاسپٹلس میں زائد رقومات کی وصولی کے سلسلہ میں کمیشن کو کئی شکایات موصول ہوئی ہیں جنہیں کارروائی کیلئے محکمہ صحت سے رجوع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کمیشن کو اپنی شکایات آن لائن روانہ کرسکتے ہیں۔ pa.cahirman123@gmail.com پر درخواستیں روانہ کی جاسکتی ہیں۔ صدرنشین نے سال 2019-20 کی رپورٹ کی تیاری کے سلسلہ میں ارکان سے مشاورت کی۔ رپورٹ میں ایک سالہ کارکردگی کی تفصیلات پیش کی جائیں گی۔ کمیشن کا آئندہ اجلاس 21 اگسٹ کو منعقد ہوگا۔