خانگی دواخانوں کے خلاف مہم،311 دواخانوں پر دھاوے

   

28 سرکاری ڈاکٹرس کو خانگی پریکٹس پر نوٹس،83 دواخانوں کو وجہ نمائی نوٹس
حیدرآباد۔/25 ستمبر، ( سیاست نیوز) حکومت نے سرکاری ڈاکٹرس کی خانگی پریکٹس کو روکنے کیلئے ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر مہم کا آغاز کیا ہے۔ محکمہ صحت کی خصوصی ٹیموں کی جانب سے 18 اضلاع میں خصوصی مہم چلائی گئی جس کے تحت 311 خانگی ہاسپٹلس کا معائنہ کیا گیا ان میں سے 21 ہاسپٹلس کو مہربند کیا گیا ہے جو قواعد کے خلاف کام کررہے تھے۔ ان ہاسپٹلس میں رنگاریڈی کے 7 ، وقارآباد 5 ، سنگاریڈی اور ملگ میں 3 ، 3، کتہ گوڑم 2 اور جگتیال میں ایک ہاسپٹل شامل ہے۔ سرکاری ڈاکٹرس کی خانگی پریکٹس کی شکایات پر یہ مہم شروع کی گئی تاکہ سرکاری دواخانہ میں ڈاکٹر کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر اور ڈپٹی ڈی ایم اینڈ ایچ او کی نگرانی میں خصوصی ٹیموں نے گذشتہ تین دن کے دوران یہ کارروائیاں کی ہیں۔ قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں خانگی دواخانوں کا رجسٹریشن منسوخ کیا جاسکتا ہے۔ دھاوے کے دوران ڈاکٹرس اور طبی عملے کے بارے میں تفصیلات حاصل کی گئیں۔ کئی ہاسپٹلس رجسٹریشن کے بغیر ہی کام کررہے ہیں اور بعض ہاسپٹلس میں درکار آلات اور طبی سہولتیں دستیاب نہیں جس کے نتیجہ میں انہیں وجہ نمائی نوٹس جاری کی گئی۔اندرون ایک ہفتہ ان کارروائیوں کی تکمیل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکام 83 خانگی دواخانوں کو نوٹس جاری کی ہے جن میں 20 کا تعلق ضلع رنگاریڈی سے ہے۔ حکام نے سہولتوں سے عاری دواخانوں پر جرمانہ عائد کیا ہے۔ وقارآباد کے 5 دواخانوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے دوران 28 ایسے سرکاری ڈاکٹرس کی نشاندہی کی گئی جو خانگی پریکٹس کرتے ہوئے پائے گئے۔ ایسے ڈاکٹرس کو وجہ نمائی نوٹس دی گئی ہے۔ متحدہ عادل آباد ضلع میں 228 کے منجملہ 46 پر دھاوے کئے گئے۔ سدی پیٹ ضلع میں 12 خانگی ہاسپٹلس کا معائنہ کیا گیا۔ حسن آباد اور ناگارم میں خانگی ہاسپٹلس کے معائنہ کے دوران کئی بے قاعدگیوں کا علم ہوا ہے۔ سنگاریڈی ضلع کے ظہیرآباد کے علاوہ میدک، نظام آباد، کریم نگر، ناگرکرنول، سوریا پیٹ اور حضورآباد میں دھاوے کئے گئے۔ نظام آباد، بودھن، آرمور میں میڈیکل حکام نے ڈاکٹرس کی خانگی پریکٹس کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ بھونگیر ضلع کے 20 خانگی دواخانوں اور میڈیکل لیابس کا معائنہ کیا گیا۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ اس مہم کی نگرانی کررہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 83 دواخانوں کو نوٹس جاری کی گئی ہے۔ یہ مہم آئندہ بھی جاری رکھنے کا منصوبہ ہے تاکہ سرکاری دواخانوں کی خدمات کو بہتر بنایا جائے۔ر