خانگی نرسنگ کالج کے مزید 17 طلبہ کورونا سے متاثر

   

حیدرآباد۔29ڈسمبر(سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ میں موجود خانگی نرسنگ کالج کے17 مزید طلبہ کو کورونا وائرس کی توثیق ہوئی ہے جبکہ گذشتہ یوم اسی کالج سے تعلق رکھنے والے 14 طلبہ کو کورونا وائرس کی توثیق ہوئی تھی ۔ محکمہ صحت کے عہدیدارو ں کے مطابق کالج میں تعلیم حاصل کر نے والے مزید 135 طلبہ کے کورونا وائرس کے معائنوں کی رپورٹ وصول ہونا باقی ہے جبکہ تاحال 32 طلبہ کو کورونا وائرس کی توثیق ہوچکی ہے۔ کالج انتظامیہ کے مطابق کرسمس کی تعطیلات گذارنے کے بعدو اپس کالج پہنچنے والے طلبہ میں علامات پائے جانے کے سبب ان طلبہ کے کورونا وائرس معائنوں کا فیصلہ کیا گیا تھا اور ابتدائی معائنہ کے دوران ریاپڈ معائنوں میں طلبہ کو کورونا وائرس کی توثیق کے ساتھ ہی محکمہ صحت کو مطلع کرتے ہوئے ان تمام کے آرٹی پی سی آر معائنوں کے اقدامات کئے گئے جس پر تاحال 32 طلبہ کو رونا وائرس کی توثیق ہوئی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ کالج انتظامیہ کی جانب سے تمام طلبہ اساتذہ ‘ غیر تدریسی عملہ کے علاوہ ان طلبہ سے رابطہ میں آنے والوں کا معائنہ کیا جارہا ہے تاکہ وباء کے متاثرین میں اضافہ کو روکا جاسکے اور جو لوگ متاثر ہوئے ہیں ان کے فوری علاج کے اقدامات کئے جائیں۔م