خانگی ڈگری کالجس میں داخلوں کے خلاف انتباہ

   

الحاق منسوخ کرنے کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کی دھمکی
حیدرآباد۔ تلنگانہ اسٹیٹ کونسل آف ہائیر ایجوکیشن نے خانگی ڈگری کالجس کو داخلوں کے آغاز کے خلاف انتباہ دیا ہے۔ تعلیمی سال کے آغاز سے قبل خانگی ڈگری کالجس کی جانب سے داخلوں کے آغاز کی اطلاعات پر کونسل نے باقاعدہ بیان جاری کیا اور کہا کہ داخلوں میں ملوث کالجس کو الحاق سے محروم ہونا پڑے گا۔ کونسل نے کالجس کو ہدایت دی کہ وہ تعلیمی شیڈول کی پابندی کریں۔ تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن اور یونیورسٹیز کی جانب سے متعلقہ ڈگری کورسیس میں داخلوں کیلئے تاحال کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا ہے۔ کونسل نے کہاکہ ایسے کالجس جو ڈگری آن لائن سرویس DOST کے ذریعہ داخلے نہیں دیتے ہیں انہیں اعلامیہ کا انتظار کرناچاہیئے۔ کونسل کو طلبہ اور سرپرستوں کے علاوہ تنظیموں کی جانب سے مختلف شکایات موصول ہوئیں کہ حیدرآباد کے بعض کالجس ڈگری کورسیس میں داخلے دیتے ہوئے امیدواروں سے بھاری رقومات وصول کررہے ہیں۔ کالجس کا یہ اقدام غیر قانونی ہے لہذا تمام خانگی کالجس کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ فوری طور پر داخلوں کا عمل روک دیں۔صدر نشین کونسل پروفیسر ٹی پاپی ریڈی نے کہا کہ مستقبل میں اگر اس طرح کی شکایات موصول ہوتی ہیں تو حکومت سخت کارروائی کرتے ہوئے کالجس کا الحاق منسوخ کردے گی۔