خرگوش کے شکارکوجانے والا شخص برقی شاک سے ہلاک

   

حیدرآباد۔/6 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) خرگوش کے شکار کے دوران پیش آئے حادثہ میں ایک شخص برقی شاک کی زد میں آکر فوت ہوگیا۔ آدی بٹلہ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق 28 سالہ ای ایس ایس ورا پرساد جو پیشہ سے میستری اور میر پیٹ علاقہ میں رہتا تھا۔ تین سال قبل اس کی شادی ہوئی تھی اور وہ شادی کے بعد آدی بٹلہ منتقل ہوگیا۔ اس کے ساتھی بھی میستری کا کام کرتے تھے۔ اکثر کام کے بعد یہ لوگ مچھلی اور خرگوش کے شکار پر جایا کرتے تھے۔ گذشتہ روز پرساد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ شکار پر گیا اور ترکایمجال علاقہ میں کھیتوں میں موجود برقی باڑ کی زد میں آکر فوت ہوگیا ۔ آدی بٹلہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع