خلیجی ممالک میں روزگار دلانے کا جھانسہ ، 13 افراد گرفتار

   

کروڑہا روپیوں کی دھوکہ دہی ، سائبرآباد سائبر کرائم ٹیم کی کارروائی
حیدرآباد /25 جنوری ( سیاست نیوز ) سائبرآباد کی سائبر کرائم ٹیم نے بے روزگار نوجوانوں کو ہندوستان اور خلیج ممالک میں روزگار فراہم کرنے کا دعوی کرتے ہوئے کروڑہا روپئے کی رقم کی دھوکہ دہی میں ملوث وسڈم آئی ٹی سرویسیس کے منیجنگ ڈائرکٹر اور 13 ملازمین کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کمشنر سائبرآباد وی سی سجنار نے کہا کہ اجئے کولہ نے ہندوستان کے علاوہ ساؤتھ آفریقہ ، قطر ، جارڈن ، لبنان ، سری لنکا ، آسٹریلیا اور دیگر کئی ممالک سے تعلق رکھنے والے بے روزگار نوجوانوں کو اپنے ادارہ وسڈم آئی ٹی سرویسیس انڈیا پرائیویٹ لمیٹیڈ کے ذریعہ دو ویب سائیٹس جاب انڈیا ڈاٹ کام اور جب گلفس ڈاٹ کام قائم کیا اور اس کے ذریعہ ریزیومس رائٹنگ ، ریزیومس ہائی لائٹنگ اور دیگر جائیدادوں کا تقرر کرانے کیلئے دنیا بھر سے 69,962 افراد سے 70 کروڑ روپئے آن لائین رقم منتقلی حاصل کی جس میں ہندوستان میں 28 کروڑ اور دنیا بھر سے 40 کروڑ کی رقم ہڑپ لی ۔ ہندوستان میں مہاراشٹرا ، ٹاملناڈو ، کرناٹک اور سائبرآباد سے تعلق رکھنے والے افراد سے 19 لاکھ روپئے حاصل کرلئے ۔ سجنار نے کہا کہ بیرون ممالک میں ملازمت کا دعوی کرتے ہوئے ان کے دستاویزات کی پراسیسنگ فیس کی طور پر فی امیدوار 525 امریکی ڈالر حاصل کیا کرتے تھے ۔ اس دھوکہ بازی میں ملوث ہونے کیلئے خواتین کا بھی استعمال کیا گیا ۔ کمشنر پولیس سائبرآباد نے کہا کہ گرفتار ملزمین کے خلاف مزید مقدمات درج کئے جائیں گے اور انہیں پولیس تحویل میں لیا جائے گا ۔